میاں صاحب آپ کو جانا پڑے گا :عمران یکم مئی کولاہورمیں جلسے کا اعلان

اسلام آباد + لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے + خبرنگار + خصوصی نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میاں صاحب آپ کے خلاف ثبوت آگئے اس لئے اب آپ کو جانا پڑے گا آپ اقتدار میں رہنے کیلئے اخلاقی جواز کھو چکے ہیںکیونکہ اب آپ لوگوں سے کس طرح ٹیکس مانگیں گے جب آپ خود ٹیکس چور ہیں منی لانڈرنگ کیسے روکیں گے جب آپ نے خود منی لانڈرنگ کی میرا نام پانامہ لیکس میں آتا تو میں گھر سے باہر ہی نہ نکلتا لیکن آپ نے دو بار قوم سے خطاب کیا۔ آپ کا احتساب ضرور ہوگا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایف نائن پارک میں تحریک انصاف کے 20 ویں یوم تاسیس پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عمران نے جلسہ کے حاضرین سے پوچھا کہ مجھے بتائیں وزیر اعظم کے پاس اقتدار میں رہنے کا اخلاقی جواز ہے تو حاضرین جلسہ نے کہا کہ نہیں، عمران نے کہا کہ گر چیف جسٹس آف پاکستان کے نیچے انکوائری کمشن نہیں بنتا اور اس میں ہمارے ٹی او آرز شامل نہیں ہوتے تو پھر پی ٹی آئی سڑکوں پر آئے گی آزادانہ احتساب سے جمہوریت کمزور نہیں مضبوط ہوگی۔ لوگوں کے پاس کھانے کو نہیں لیکن میاں صاحب اورنج ٹرین بنا رہے ہیں یہ کمیشن کھانے کیلئے بنائی جا رہی ہے اس لئے اب لوگ پانامہ لیکس پر نواز شریف کے ٹی او آرز کے تحت بننے والے کمشن کو قبول نہیں کریں گے ہمیشہ کرپٹ حکمران باہر کے ملک منی لانڈرنگ سے پیسہ بھیجتے ہیں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے ایل ڈی اے کے پلاٹ بطور سیاسی رشوت دئیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے سنا ہے میاں صاحب خیبر پی کے میں جلسے کرنے جا رہے ہیں لیکن وہاں وہ صرف گو نواز گو سنیں گے۔ عمران نے کہا کہ پانامہ لیکس کے بعد آپ کے بچے اپنی پوزیشن واضح نہیں کر پارہے۔ عمران نے اعلان کیا کہ اب میں آرام سے نہیں بیٹھوں گا میںکل 26 اپریل کو سندھ سے اینٹی کرپشن مہم شروع کرنے جا رہا ہوں جبکہ اگلے اتوار کو چیئرنگ کراس لاہور آئوںگا جہاں جلسے میں اہم لائحہ عمل دوں گا کہ آگے کیا کرنا ہے انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ لیکن ابھی میں رائیونڈ نہیں آرہا لیکن سوچ رہا ہوں کہ یہاں اتنے لوگ آگئے ہیں رائیونڈ گیا تو پھر کتنے لوگ ہوں گے نواز شریف نے تین بار وزیر اعظم رہتے ہوئے بھی پاکستان میں ایسا ہسپتال نہیں بنایا جہاں سے وہ اپنا چیک اپ ہی کرا لیتے ان کا گلا بھی خراب ہو تو علاج کیلئے باہر جاتے ہیں میں دو بار بیمار ہوا تو میرا علاج شوکت خانم میں ہوا۔ میں پانامہ لیکس کی بات کروں تو رائیونڈ میں تہلکہ مچ جاتا ہے انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے پانامہ لیکس کی انکوائری کیلئے انٹرنیشنل فرانزک کمپنی ہائر نہ کی اور ہماری خواہش اور مطالبے کے مطابق جوڈیشل کمشن نہ بنا تو میں خاموش نہیں بیٹھوں گا ہم سڑکوں پر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا رومی نے کیا خوب کہا تھا کہ اللہ نے جنہیں پر دیئے ہیں وہ پھر کیوں رینگتے ہیں ہمیں اللہ نے وسائل دئیے ہیں لیکن ان کرپٹ حکمرانوں نے قرضوں پر قرضے لے کر اس عظیم قوم کو گروی رکھ دیا لیکن اب عوام جاگ گئے ہیں وہ ظلم برداشت نہیں کریں گے۔ عمران نے کہا کہ ہمیں آئس لینڈ کے وزیراعظم سے سبق سیکھنا چاہئے۔ بتادینا چاہتا ہوں میاں صاحب اب آپ وزیراعظم نہیں رہیں گے۔ میاں صاحب کی کرپشن پر بات کرو تو کہا جاتا ہے یہ جمہوریت کیلئے خطرہ ہے انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کی سربراہی میں کمشن چاہتے ہیں میں ابھی اس لئے رائیونڈ نہیں جا رہا کہ وہ آخری مرحلہ ہوگا ابھی صرف لاہور جاکر ماحوال کو گرمائوں گا۔ میاں صاحب ہمیشہ بچ جاتے تھے لیکن اس بار نہیں بچیں گے ان کا احتساب ہوگا۔ آپ نے جواب دینا ہے میاں صاحب نے کرپشن پر اپنا جواب دینے کی بجائے شوکت خانم پر انگلیاں اٹھائیں جس پر آپ کو شرم آنی چاہئے حسن نواز نے برطانیہ میں ساڑھے چھ سو کروڑ کا گھر بیچا ہے لیکن میاں صاحب کہتے ہیں کہ ان کے پاس پیسہ نہیں ہے میاں صاحب آپ قوم سے خطاب کرنے دو بار ٹی وی پر آئے لیکن قوم سے سچ نہیں بولا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پی کے میں ہمارے سکھ رکن اسمبلی سردار سورن سنگھ سچے پاکستانی تھے ان کا گھر ٹوٹ گیا لیکن وہ پاکستان میں رہے وہ پی ٹی آئی کے جنونی کارکن تھے عمران خان نے کہا کہ اگر مجھے اللہ تعالیٰ ایمان کی طاقت نہ دیتا تو میں کبھی سیاست میں نہ آتا نیا پاکستان بہت قریب ہے آج ہمارے اڑھائی کروڑ بچے سکول نہیں جاتے لیکن میاں صاحب کی ساری توجہ اورنج لائن ٹرین پر ہے میں تو کہتا ہوں میاں صاحب شوکت خانم کی پہلے مکمل تحقیقات کروالیں تاکہ پتہ چل جائے میں نے شوکت خانم کو کتنی رقم دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اگلا الیکشن جیت کرنیا پاکستان بنائے گی۔ ٹی وی کے مطابق عمران نے کہا ہے کہ سیاسی جدوجہد کرتے 20 سال ہو گئے پارٹی تو ابھی شروع ہوئی ہے میں تو مزید 20 سال کی تیاری کر رہا ہوں، ساتھ دینے پر اپنی قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ میں کرکٹ کھیلتا تھا تواس وقت غلامی کے اثرات تھے، میں انگلینڈ کرکٹ کھیلنے گیا تو سینئر پلیئر نے کہا کہ عمران خان انگریزوں کو ہرا نہیں سکتے اس وقت کرکٹ شروع کی جب انگریزوں کو کوئی ہرا نہیں سکتا تھا میں نے آہستہ آہستہ اپنی کرکٹ ٹیم کو اونچا ہوتے دیکھا۔ ایک وقت تھا پاکستان کرکٹ اور سکواش کا ورلڈ چیمپئن تھا ہاکی ٹیم کو دنیا مانتی تھی، میں نے بڑی بڑی کرکٹ ٹیموںکو ہرایا اور ورلڈ کپ جیتا ملک ترقی کی بجائے پیچھے آنا شروع ہو گیا ملک میں جمہوریت آگے جانے کی بجائے پیچھے جا رہی، اللہ نے مجھے میری سوچ سے بھی زیادہ نوازا ہے۔ ساری زندگی کچھ نہ کرتا کرکٹ تجزیئے سے اچھی زندگی گزار سکتا تھا۔ سورن سنگھ عظیم پاکستانی تھا جسے شہید کیا گیا۔ عمران خان نے کہا کہ ایف نائن پارک میں جگہ چھوٹی پڑ گئی ہے۔ یہاں اتنے افراد ہیں رائیونڈ جائیں گے تو کتنے لوگ ہوں گے۔ اسد عمر کو کھلی جگہ کا بندوبست کرنا چاہئے تھا۔ عوام پر خرچ ہونیوالا پیسہ مگرمچھوں کے پیٹ میں جا رہا ہے۔ نوازشریف نے انتخابات کا بائیکاٹ کرکے خود الیکشن لڑ لیا تھا۔ امید ہے رائیونڈ مارچ سے پہلے میاں صاحب فیصلہ کرلیں گے۔ رائے ونڈ مارچ کے فوری بعد پارٹی الیکشن کرائیں گے۔ ہم کہتے ہیں احتساب کرائو تو جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے۔ الیکشن میں دھاندلی کی بات کرو تو انکی جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے۔ احتساب نہ ہوا تو ملک تباہی کی طرف جائیگا۔ وزیراعظم نوازشریف احتساب آپ کا ہوگا یہ نہ کہیں کہ 200 افراد کا احتساب کریں۔ میاں صاحب اثاثے ڈکلیئر کریں‘ سچ بولنا پڑیگا۔ این این آئی کے مطابق عمران نے کرپشن کے خلاف 26اپریل سے سندھ میں تحریک شروع کر نے کااعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ اپوزیشن کیساتھ ملکر ٹی او آر کا فیصلہ نہ کیا گیاتو قوم سڑکوں پر آئیگی اور پھر رائیونڈ جائیگی ٗمیاں صاحب پھر امپائر ملا کر میچ کھیلنے کی غلط فہمی میں نہیں رہنا ٗ اگلے اتوار کو لاہور میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرونگا ٗ ہم نے پاکستان کو علامہ اقبال کے نظریئے اور قائداعظم کے خواب کے مطابق بنانا ہے پاکستان اسلام کے نام پر بنا تھا ایسا ملک بنانا تھا جہاں عدل و انصاف ہونا تھا ٗ فلاحی ریاست بننی تھی۔ قبل ازیں یوم تاسیس کے جلسے میں شرکت کیلئے لاہور سمیت مختلف شہروں سے پی ٹی آئی کے کارکنوں کے قافلے اسلام آباد پہنچے۔ لاہور سے چودھری سرور اور شفقت محمود کی قیادت میں الگ الگ قافلے روانہ ہوئے، چودھری سرور قذافی سٹیڈیم اور شفقت محمود ناصر باغ سے روانہ ہوئے۔ پنڈی بھٹیاں سے نامہ نگار کیمطابق ضلع حافظ آباد، تحصیل پنڈی بھٹیاں سے سینکڑوں افراد قافلہ کی صورت میں تحریک انصاف کے رہنمائوں چودھری مہدی حسن بھٹی، چودھری شوکت علی بھٹی، چودھری امان اللہ سندھو، میاں اختر حسین بھٹی، میاں عزم عباس بھٹی کی قیادت میں اسلام آباد روانہ ہوئے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گوجرانوالہ سے یوم تاسیس میں شرکت کے لئے مقامی قائدین کی قیادت میں قافلے روانہ ہوئے۔ اعجاز احمد چودھری نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک ملک میں کرپشن کا خاتمہ نہیں ہوتا اس وقت تک یہ تحریک جاری رہے گی نواز شریف نے استعفیٰ نہیں دیا تو لاکھوں عوام رائے ونڈ کے محلات سے ٹکرا جائیں گے۔ چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے تحریک انصاف کی آواز نہ سنی تو کرپشن کے خلاف احتجاجی دھرنے پر مجبور ہونگے۔ میاں محمود الرشید نے کہا کہ وزیراعظم نے روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس بار بھی قوم سے جھوٹ بولا اور کمشن کے نام پر عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کی لیکن اب ان کو احتساب سے کوئی تدبیر کوئی ملک نہیں بچا سکے گا۔ یوم تاسیس کے جلسہ میں ابرار الحق اور عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی نے بھی پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔دریں اثنا تحریک انصاف نے پاکستان بچائو کرپشن مٹائو تحریک کے اگلے مرحلے کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق تحریک انصاف کی ریلی 26 اپریل کو کراچی سے ٹھٹھہ، سجاول اور بدین کیلئے روانہ ہو گی۔ ریلی کی قیادت شاہ محمود قریشی کریں گے۔ 27 اپریل کو ریلی میرپور خاص، سانگھڑ اور شہداد پور جائے گی۔ 28 اپریل کو ریلی نواب شاہ، نوشہرو فیروز اور خیرپور جائے گی۔ 30 اپریل کو سکھر میں عمران خان ریلی کی قیادت کریں گے۔ ریلی 29 اپریل کو لاڑکانہ، قمبر اور شکارپور جائے گی، ریلی عمران کی قیادت میں پنوں عاقل بھی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن