اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت + نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی نا اہلی کیلئے سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کردیا۔ پی ٹی آئی نے موقف اپنایا کہ نیب چیئرمین ذمہ داریاں نبھانے میں ناکام رہے، انہیں فوری طور پر کام کرنے سے روک دےا جائے جبکہ ان کے خلاف پاناما کیس کے فیصلے میں بھی ججز نے آبزرویشن دی۔ آرٹیکل 209کے تحت دائرریفرنس میں کہا گیا کہ ایسے کردار کا حامل شخص کس طرح کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی کر سکتا ہے، چیئرمین نیب نے پانامہ لیکس کے مقدمے میں وزیراعظم اور ان کے بچوں کی بیرون ملک موجود اثاثوں کی تحقیقات کرنے میں غفلت برتی اور وہ قومی اہمیت کے حامل نیب جیسے ادارے کی سربراہی کرنے کے اہل نہیں۔ چیئرمین نیب کو کام کرنے سے روکا جائے ورنہ عدالتی فیصلے کی تضحیک ہوگی۔ تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا کہ ہم نے درخواست کی ہے کہ فوری طور پر چیئرمین نیب کو کام کرنے سے روکا جائے۔ ریفرنس دائر کرنے کی تین وجوہات ہیں، پہلی یہ کہ چیئرمین نیب پاکستان میں احتساب کے نظام کو نافذ کرنے کے ذمہ دار تھے تاہم ہم یہ دیکھتے ہیں کہ نیب ملک کے کرپٹ ترین اداروں میں سے ایک ادارہ بن گیا ہے۔ پاناما کیس کا فیصلہ سنانے والے سپریم کورٹ کے بنچ نے ان کیخلاف ریمارکس دئیے۔ سپریم کورٹ کی آبزرویشن اور ریمارکس کے بعد چیئرمین نیب کا کام کرنا ممکن نہیں رہا لہٰذا انہیں عہدے سے ہٹایا جائے۔ پی ٹی آئی یہ سمجھتی ہے سپریم کورٹ کا بنچ جے آئی ٹی کو بناتے ہوئے ٹیم کی مکمل سکروٹنی کرے اور اس بات کا خیال کیا جائے کہ ایسے افسروں کو ٹیم میں شامل نہ کیا جائے جن کے وزیراعظم نواز شریف، ان کے بچوں اور خاندان سے قریبی تعلقات ہیں۔ دوسری جانب عمران خان نے کہا ہے کہ ہم سپریم کورٹ اور عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں، پانامہ کیس کے فیصلے پر نظر ثانی درخواست کا ابھی کوئی ارادہ نہیں ہے، کیس کی سماعت کرنے والے بنچ نے مقدمے کی بہترین سماعت کی۔ سپریم کورٹ کے فیصلے نے اداروں کو بے نقاب کردیا، ملک اداروں سے چلتے ہیں، یہاں ادارے تباہ کردیے گئے ہیں، اب صرف سپریم کورٹ پر ہی اعتماد رہ گیا ہے، ادارے طاقتور ہوں تو وزیراعظم کرپشن کر ہی نہیں سکتے۔ایک جماعت اپنے لیڈر کو جھوٹا کہے جانے پر جشن منارہی ہے جبکہ دوسری جماعت وزیراعظم کو کٹہرے میں لانے پر جشن منارہی ہے۔گرینڈ الائنس کاحصہ بننے سے متعلق سوال پرعمران خان نے حکومت مخالف نعرہ لگایا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا گرینڈ الائنس گو نواز گو پر بن سکتا ہے۔ ان خےالات کا اظہار انہوں نے سپریم کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کےا۔ عمران خان نے یونس خان کو 10ہزاررنز مکمل کرنے پر مبارکباد دی۔ بنی گالا کیس کی سماعت سے متعلق انہوں نے کہا کہ بنی گالہ میں جنگلات سمٹ رہے ہیں، پارکس پر قبضے ہورہے ہیں۔ دنیا بھر میں پاکستان میں سب سے زیادہ بچے گندا پانی پینے سے مرتے ہیں، میں نے بنی گالہ کی بات کی ہے،یہ پورے پاکستان کا مسئلہ ہے۔ ملک میں چائنا کٹنگ ہورہی ہے۔بچوں کے کھیل کے میدان ختم ہورہے ہیں۔ علاوہ ازیں سینئر سیاستدان غلام مصطفی کھر نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پارٹی میں شمولیت پر غلام مصطفی کھر کا خیرمقدم کیا۔ غلام مصطفی کھر نے بنی گالا میں عمران خان سے ملاقات کی۔
ریفرنس/ عمران