کراچی (اسپورٹس رپورٹر) سابق کپتان اور اولمپئن منصور احمد کو علاج کے سلسلے میں باہر جانے کی ضرورت نہیں‘ قومی ادارہ برائے امراضِ قلب کے ترجمان کے مطابق قومی ہاکی ٹیم کے سابق گول کیپر منصور احمد دل کے فیل ہو جانے والے عارضے میں مبتلا ہونے کے باعث این آئی سی وی ڈی میں زیر علاج ہیں جہاں ان کو بہترین دیکھ بھال اور مفت علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔ امراضِ قلب کے ماہر سرجن ڈاکٹر پرویز چودھری کے مطابق ان کی طبیعت بہت بہتر ہے اور عنقریب ان کو این آئی سی وی ڈی کے ہارٹ فیلیور پروگرام کے تحت لیفٹ وینٹریکیولر اسسٹ ڈوائس لگائی جائے گی جس کی بدولت ان کا دل بہتر کام کرنے لگے گا بعدازاں ان کے دل کی پیوندکاری بھی کی جائے گی اس طرح منصور احمد قومی ادارہ برائے امراضِ قلب کے پہلے مریضوں میں سے ہوں گے جن کا ہارٹ ٹرانسپلانٹ کیا جائے گا۔ اس سرجری کے بعد این آئی سی وی ڈی کو پہلی مرتبہ دل کی پیوندکاری کی سہولت کا آغاز کرنے کا بھی اعزاز حاصل ہو جائے گا۔ منصور احمدعلاج کے لئے قطعی بھارت جانے کا ارادہ نہیں رکھتے جبکہ بہترین علاج ان کو پاکستان میں میّسر ہو سکتا ہے۔ ترجمان نے کہاکہ این آئی سی وی ڈی میں دل کی پیوندکاری کی سہولت کے آغاز کے بعد کسی بھی پاکستانی کو بیرونِ ملک جانے کی تکلیف اور بھاری اخراجات برداشت کرنے کی ضروت پیش نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی بین الاقوامی معیار کو اپناتے ہوئے مریضوں کو جدید اور معیاری خدمات فراہم کرنے کے لئے دن رات کاوشیں کر رہا ہے اور ان سہولیات سے نہ صرف صوبہء سندھ پرپورے ملک سمیت بیرونِ ملک کے مریض بھی مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی کے بہت سارے منصوبے پائپ لائن میں ہیں جن کی تکمیل کے بعد مریضوں کو علاج کی سہولیات میں مزید آسانیاں میّسرہوں گی، ان سارے منصوبوںکو پائے تکمیل تک پہنچانے کے لئے حکومتِ سندھ کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔