لاہور ( سپورٹس رپورٹر ) بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری امیتابھ چوہدری پھر مکر گئے، پاکستان کے ساتھ معاہدہ نہیں کیا تھا، محض بیان دیا تھا۔ امیتابھ چوہدری نے پینترا بدل لیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے بھارتی بورڈ کیخلاف آئی سی سی ڈسپیوٹ کمیٹی میں کیس دائر کیا جاچکا ہے جس کی پہلی سماعت یکم اکتوبر ہوگی۔ پی سی بی کی جانب سے بھارت سے سات ارب روپے کے ہرجانے کے مطالبے نے بھارتی بورڈ کی نیندیں اڑا دی ہیں۔ بی سی سی آئی کے سیکرٹری امیتابھ چوہدری نے ایک بارپھر پی سی بی کے دعوؤں کو مسترد کردیا ہے۔ امیتابھ چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلنے کا زبانی بیان تھا، تحریری معاہدہ نہیں کیا، دونوں بورڈز کے درمیان ایم او یو بھی نہیں ہوا۔ امیتابھ چوہدری نے مزید کہا کہ پاکستان کی جانب سے 7 ارب کا ہرجانہ کے دعوی بے بنیاد ہے، پاکستان کے ساتھ سیریز کھیلنے کا فیصلہ مودی سرکار کو کرنا ہے۔