پاکستان ، چین سیاسی ، اقتصادی تعاون مضبوط بنانے پر متفق ، مسلئہ کشمیر حل ہوناچاہئے :چینی وزیردفاع

بیجنگ (نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ خواجہ آصف نے بیجنگ میں چینی نائب صدر وانگ شی شان سے ملاقات کی۔ اس دوران باہمی مفاد کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دونوں ممالک میں دوطرفہ سیاسی اور اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں ممالک کے عوامی سطح پر تعلقات کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ایس سی او خطے کے امن و استحکام کیلئے اہم پلیٹ فارم ہے۔ چینی نائب صدر نے کہا چین ہمیشہ سے پاکستان کا قابل اعتماد دوست رہا‘ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔ملاقات میں پاک چین تعلقات اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے چینی نائب صدر کے دوبارہ انتخاب پر مبارکباد دی۔ وزیر خارجہ نے کہا سی پیک چینی صدر کے ون بیلٹ وژن کا عکاس ہے۔ سی پیک پاکستان سمیت خطے کے معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کرے گا۔ چینی نائب صدر نے کہا پاک چین دوستی ہمیشہ کی طرح مضبوط اور سدا بہار ہے۔ چین پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا رہے گا۔ چینی نائب صدر نے شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان کے متحرک کردار کو سراہا۔ مزید براں وزیردفاع خرم دستگیر نے چین کے دارالحکومت بیجنگ میں اپنے چینی ہم منصب سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران خرم دستگر نے چینی وزیر دفاع کو مقبوضہ کشمیرکی موجودہ صورتحال اور بھارتی جارحیت سے آگاہ کیا۔ چینی وزیردفاع نے کہا کہ مسئلہ کشمیرپر پاکستانی موقف کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج اور عوام کی قربانیوں کو بھی سراہا۔ چینی وزیر دفاع نے کہا 70 سال سے جاری مسئلہ کشمیر حل ہونا چاہیے۔ مسئلہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہئے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کیساتھ ہیں۔

ای پیپر دی نیشن