لاہور + سرگودھا+ قصور (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) عمران خان سکیورٹی خدشات کے پیش نظر استقبالیہ کیمپوں سے خطاب کی بجائے داتا دربار پر حاضری کے بعد بنی گالہ روانہ ہو گئے۔ عمران خان نے 29اپریل کو مینار پاکستان کے جلسے کی تیاریوں کے سلسلے میں اندرون شہر کا دورہ اور داتا دربار پر حاضری کے بعد پانچ مختلف مقامات پر خطاب کرنا تھا تاہم سکیورٹی خدشات کی وجہ سے داتا دربار پر حاضری کے بعد استقبالیہ کیمپوں پر شرکاء سے خطاب کے بغیر ہی بنی گالہ روانہ ہو گئے۔ داتا دربار میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اتوار کو مینار پاکستان گرائونڈ میں سونامی پلس ہو گا جس میں عوام ایک پاکستان اور نیا پاکستان کے لئے جمع ہونگے‘ اس روز بڑا سیاسی اعلان کروں گا‘ لوگوں نے اب تک سونامی دیکھی تھی لیکن اب 29اپریل کو سونامی پلس دیکھیں گے۔ قبل ازیں عمران خان داتا دربار حاضری کے لئے پہنچے تو اس موقع پر شاہ محمود قریشی‘ چودھری محمد سرور‘ عبدالعلیم خان‘ فیصل جاوید‘ افتخار درانی‘ شعیب صدیقی‘ نذیر چوہان‘ ڈاکٹر شاہدصدیق‘ ملک زمان نصیب‘ فرخ جاوید مون‘ زبیر نیازی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ چیئرمین عمران خان نے دربار پر حاضری کے موقع پر ملک کی سلامتی اور امن کے لئے دعا کی۔ عمران خان نے داتا دربار چوک پر تحریک انصاف کے کارکنوں کی بڑی تعداد کا شکریہ ادا کیا اور انہیں 29اپریل کے جلسے کو کامیاب کرنے کے لئے اپنی تمام کاوشوں کو بروئے کار لانے کی بھی ہدایت کی۔ دریں اثناء ق لیگ کے ڈاکٹر عظیم الدین لکھوی اور ہاشم ڈوگر اور بہاولپور سے مسلم لیگ ن کے رہنما ملک احمد عثمان چنڑ نے بھی کپتان سے ملاقات کی اور پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی۔ عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستانی عظیم قوم ہیں‘ میرا ایمان ہے کہ یہ قوم عروج پر پہنچے گی‘ اﷲ ہر انسان کو زندگی میں بہتری لانے کا ایک موقع ضرور دیتا ہے۔ زندگی گزارنے کے دو راستے ہیں ایک روحانی دوسرا مادی۔ اﷲ نے انسان کو کسی مفاد کے لئے پیدا کیا ہے کرکٹ کھیلتا تھا تو فنکاروں کی زندگی سے متاثر ہوتا تھا۔ صرف اپنے لئے سوچنے والوں اور جانوروں کی زندگی میں کوئی فرق نہیں ہے۔ حکمرانوں نے کبھی نہیں سوچا کہ غریب اپنا علاج کیسے کرائے گا۔ جو پیسہ غریبوں پر خرچ ہونا تھا وہ محلات پر خرچ کیا گیا‘ ہسپتالوں کی حالت دیکھ کر دکھ ہوتا ہے۔ یہ لوگ قوم کا نہیں سوچتے۔ آج اگر قوم پر برا وقت ہے تو کل کو اچھا وقت بھی آئے گا۔ یہ میرا ایمان ہے۔ عوام کا حکومت پر اعتماد ختم ہوچکا ہے۔ ٹیکس نہ دینے کی وجہ سے قوم قرضوں میں ڈوب رہی ہے۔ پاکستان کے عوام ہی اصل طاقت ہیں۔ عمران خان آج سرگودھا میں ندیم افضل چن کے گائوں پنڈ لکو میں ممبر سازی کے علاوہ جلسہ عام سے خطاب کرینگے۔ عمران نے کہا کہ ایک بہت بڑی زبردست وکٹ گرنے والی ہے اس پر صحافی نے سوال کیا کہ کیا چودھری نثار پی ٹی آئی میں شامل ہو رہے ہیں۔ عمران نے جواب دیا کہ میں ابھی یہ نہیں بتانے لگا صحافی نے سوال کیا آپ کے چہرے پر خوشی بتا رہی ہے۔ چودھری نثار پی ٹی آئی میں آ رہے ہیں۔ عمران خان نے کہاکہ 29اپریل کے بعد سیلاب سونامی پلس بننے والا ہے ایک عوام کا سونامی اور دوسرا پی ٹی آئی میں سونامی آنے والا ہے۔ پی ٹی آئی میں لوگوں کی شمولیت اس وقت زیادہ ضروری ہے۔ عمران کے لاہور پہنچنے کے بعد محکمہ داخلہ نے سکیورٹی خدشات کا اظہار کرتے ہوئے لاہور میں مصروفیات منسوخ کرنے کا کہا گیا تھا۔نجی ٹی وی کے مطابق پی ٹی آئی رہنما آجاسم شریف نے بتایا کہ عمران خان کی طبیعت ناساز تھی اور سکیورٹی خدشات بھی تھے۔
بڑی زبردست وکٹ گرنیوالی ، سیلاب سونامی پلس بننے والاہے:عمران
Apr 25, 2018