الیکشن کمشن نے ووٹر رجسٹریشن کی تاریخ میں 30 اپریل تک توسیع کر دی

Apr 25, 2018

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمشن نے انتخابی فہرستوں میں ردوبدل اور ووٹر رجسٹریشن کی تاریخ میں 30 اپریل تک کی توسیع کر دی۔ قبل ازیں 26 مارچ کو شروع کی جانے والی مہم کی آخری تاریخ 24 اپریل مقرر کی گئی تھی۔ الیکشن کمشن کے مطابق شہریوں کے مطالبے پر تاریخ میں ایک ہفتے کی توسیع کی گئی جس کے بعد شہری 30 اپریل تک ڈسپلے سینٹرز میں جا کر ووٹ کی تبدیلی، نام یا پتے کی درستگی اور نئے ووٹ کی رجسٹریشن کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ ووٹ اور انتخابی حلقے سے متعلق معلومات کے حصول کے لیے شناختی کارڈ نمبر کو 8300 پر ایس ایم ایس کریں۔ ابتدائی انتخابی فہرست کے مطابق ملک میں کل ووٹر کی تعداد 10 کروڑ 42 لاکھ 67 ہزار 582 ہے جس میں پنجاب سے 5 کروڑ 97 لاکھ 40 ہزار 95، سندھ سے 2 کروڑ 20 لاکھ 66 ہزار 558، خیبرپختونخوا سے 15 لاکھ 75 ہزار 616، بلوچستان سے 41 لاکھ 94 ہزار 311، فاٹا سے 24 لاکھ 60 ہزار 804 اور اسلام آباد سے 7 لاکھ 30 ہزار 197 ووٹرز شامل کئے گئے ہیں۔ ای سی پی کے مطابق نئی انتخابی فہرست میں 80 لاکھ نئے ووٹرز شامل ہیں تاہم اعداد وشمار کی رو سے 21 فیصد ووٹرز گزشتہ انتخابات 2013 کے مقابلے میں زیادہ ریکارڈ کئے گئے۔ انتخابی فہرست 2013 میں شامل 8 لاکھ ووٹرز کو نئی انتخابی فہرست سے خارج کردیا گیا ہے۔

مزیدخبریں