راولپنڈی (محمد رضوان ملک /نیوزرپورٹر) پنجاب کے تعلیمی اداروں میں طلباء کی حاضری کو یقینی بنانے کے لئے چیف منسٹر پنجاب مانیٹرنگ فورس سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے صوبے کےتمام اضلاع میں ضلعی ایجوکیشن اتھارٹی ، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز اور اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ صوبے کے تمام سکولوں میں طلباء کی آن لائن حاضری کو یقینی بنائیں ۔ڈائریکٹر مانیٹرنگ رانا عبدالقیوم کے دستخظوں سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں تمام متعلقہ آفیسرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ طلباء کی آن لائن حاضری چیک کریں اور روزانہ کی بنیاد پر سکول انفارمیشن سسٹم کو رپورٹ دیں ۔ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز اور اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اگلی جماعتوں میں پروموٹ ہونے والے طلباء بارے بھی سکول انفارمیشن سسٹم کو مطلع کریں ۔مذکورہ افسران کو کہا گیا ہے کہ سکولوں کے سربراہان کی جانب سے آئن لائن حاضری کو یقینی نہیں بنایا جارہا اس لئے آپ حاضری کے عمل کو چیک کریں اور اسے یقینی بنائیں۔