ملتان (نمائندہ خصوصی) ریلوے سمپارس یونین کے مرکزی چیئرمین راجہ محمد عرفان نے کہا ہے کہ یکم مئی تک مطالبات منظور نہ ہوئے تو ریل کا پہیہ جام کر دیں گے۔ ریلوے انتظامیہ مذاکرات کے نام پر وقت ضائع کر رہی ہے۔ دو مئی کو پاکستان ریلویز کے تمام تر اسٹیشن ماسٹرز احتجاجاً استعفے ریلوے ہیڈ کوارٹر میں جمع کروا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیشن ماسٹرز ریلوے کی ایسی کیٹیگری ہے جو ٹرین آپریشن کو جاری رکھتے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ ان کے مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں نقص امن کی تمام تر ذمہ داری ریلوے انتظامیہ پرعائد ہو گی۔ ریلوے انتظامیہ سکیل اپ گریڈیشن کے حق کو تسلیم کر چکی ہے جو سمپارس کا بنیادی مطالبہ ہے۔ ریلوے انتظامیہ نے من پسند شعبوں کو نواز کر سروس سٹرکچر کو تباہ کر دیا ہے۔ ریلوے میں سب ملازمین کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔ ریلوے میں اقربا پروری برداشت نہیں کر سکتے اور ضرورت پڑنے پر سپریم کورٹ میں بدعنوانی ثبوت کے فریق بنتے ہوئے تمام تر شواہد بھی پیش کریں گے۔