لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیر اعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ کا 9واں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولرائز کرنے کیلئے مدت ملازمت 4 سال سے کم کرکے 3 برس کرنے کی اصولی منظوری دے دی اور اس فیصلے کا اطلاق پنجاب کے تمام محکموں پر یکساں ہوگا۔ کابینہ کے اجلاس میں رمضان پیکیج 2019ء کے تحت عوام کو ریلیف دینے کیلئے اربوں روپے کی سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ رمضان پیکیج کے تحت صوبے کے 309 رمضان بازاروں میں زرعی فیئر پرائس شاپس قائم کی جائیں گی، جہاں سبزی اور پھل سستے داموں دستیاب ہوں گے جبکہ رمضان بازاروں میں آٹا، چینی، گھی، آئل، انڈے، دالیں مارکیٹ سے سستے داموں دستیاب ہوں گے۔ آٹے کا 10 کلو کا تھیلا رمضان بازار میں 290 روپے میں ملے گا اور پنجاب حکومت آٹے کے 10 کلو کے تھیلے پر 80 روپے کی سبسڈی دے گی۔ رمضان بازاروں میں چینی 55 روپے کلو کے حساب سے عام آدمی کو دستیاب ہوگی۔گھی اور آئل پر 15 سے 20 روپے فی کلو کمی کی جائیگی۔ انڈے 5 روپے فی درجن کم نرخوں پر دستیاب ہوں گے اور مرغی کا گوشت عام مارکیٹ سے 10 روپے کم قیمت پر دستیاب ہوگا۔ رمضان بازاروں کا آغاز شعبان کے آخری ہفتے سے ہوگا۔ رمضان المبارک میں 2 ہزار دسترخوان لگائے جائینگے، صوبہ بھر میں 968 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی تعداد بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا جبکہ قیمتوں کی مانیٹرنگ کیلئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے قیمت ایپلی کیشن تیار کر لی گئی ہے۔ رمضان کے آخری عشرے میں رمضان بازار عید بازار میں تبدیل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ عید بازاروں میں عید سے متعلق اشیاء فروخت کی جائینگی۔وزیراعلیٰ نے رمضان پیکیج کے تحت کیے جانے والے اقدامات کی سخت مانیٹرنگ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی وزرائ، مشیران،معاونین خصوصی اور سیکرٹریز رمضان بازاروں کے دورے کر کے عام آدمی کو ریلیف دینے کے اقدامات کی نگرانی کریں گے جبکہ میں خود بھی رمضان بازاروں کو چیک کروں گا۔ وزیراعلیٰ نے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کی جگہ جیل ہے اورانتظامیہ مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے۔ وزیراعلیٰ نے چینی کی قیمتوں میں استحکام کیلئے فوری طور پر موثر اقدامات کی ہدایت کی اورکہا کہ اس ضمن میں عام آدمی کے مفاد کو سب سے زیادہ مقدم رکھا جائے اورمتعلقہ محکمے شوگرملز ایسوسی ایشن کے ساتھ ملکر چینی کی قیمتوں میں کمی یقینی بنائیں۔ وزیر اعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ رمضان المبارک میں گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں دیں گے۔ اجلاس میں پنجاب کے مختلف محکموں کے پاکستان انجینئرنگ کونسل کے ساتھ رجسٹرڈ انجینئرز کو ٹیکنیکل الاؤنس دینے کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ہنر مند/ غیر ہنر مند ورکرز کی کم از کم تنخواہ میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا اور پنجاب گروتھ سٹریٹجی2023ء بھی کی منظوری دے گئی۔ پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کی سالانہ آڈٹ اور کارکردگی رپورٹ برائے سال2015اور2016 کو کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا گیا اورکابینہ نے رپورٹس پنجاب اسمبلی میں پیش کرنے کی منظوری دی۔ اجلاس میں پنجاب پرائیویٹ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنز (پروموشن اینڈ ریگولیشن) رولز1984میں ترمیم کی منظوری دی گئی جس کے تحت رجسٹریشن اتھارٹی قائم کی جائے گی۔ اجلاس میں پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن ایکٹ2018 میں ترامیم کے مسودے کی بھی منظوری دی گئی،جس کے تحت پنجاب ہیلتھ فاؤنڈیشن کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا اور اسے متحرک ادارہ بنایا جائے گا اور فاؤنڈیشن کا چیئرمین بورڈ ممبران سے منتخب کیا جا سکے گا۔ اجلاس میں پنجاب میں ورکرز ویلفیئر فنڈ کے قیام کی منظوری دی گئی اور راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالو جی سے متعلق سیٹلمنٹ ایگریمنٹ کی بھی منظوری دی گئی۔وفاقی حکومت کی ہدایت پر پنجاب حکومت کی جانب سے بعض مدارس اور تعلیمی اداروں کا انتظامی کنٹرول حاصل کئے جانے کے حوالے سے مینجمنٹ پلان اور ایڈمنسٹریٹو پلان کی منظوری دی گئی۔ پنجاب کی جیلوں میں بند قیدیوں کی سزا میں 60 روز کی کمی کے فیصلے کی منظوری دی گئی۔اس فیصلے کا اطلاق سنگین جرائم ، جاسوسی، ریاست کے خلاف سرگرمیوں اور دہشت گردی کے جرم میں سزا پانے والے قیدیوں پر نہیں ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے بارشوں اور ژالہ باری سے متاثرہ علاقوں کا سروے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس کے باعث متاثرہونے والے کاشتکار بھائیوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا اور سروے رپورٹ کی روشنی میں مزید اقدامات اٹھائیں گے۔ آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی جانب سے پنجاب حکو مت کے مالی سال2016-17 کے اکاؤنٹس کی رپورٹس پنجاب کابینہ کے اجلاس میں پیش کی گئی جس کی کابینہ نے رپورٹس پنجاب اسمبلی میں پیش کرنے کی منظوری دے دی۔ صوبائی وزرائ ، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔علاوہ ازیں صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے پنجاب کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران اشیائے خوردونوش ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ رمضان بازاروں میں شہریوں کو عام مارکیٹ سے سستے داموں کھانے پینے کی چیزیں دستیاب ہوں گی۔ صوبائی حکومت کی متعلقہ مشینری اس بات کو یقینی بنائے گی کہ رمضان پیکج کے سلسلے میں دیئے جانے والے ریلیف اور سبسڈیز کے ثمرات عام آدمی تک پہنچیں۔ سستے رمضان بازاروں کی تشہیری مہم پر کئے جانے والے کثیر اخراجات کم کر کے وہی رقم سبسڈی اور اشیائے خوردونوش کی کوالٹی بہتر بنانے پر صرف کی جائے گی۔علاوہ ازیںوزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں دانشور، ڈرامہ نگار و اداکار ڈاکٹر انور سجاد کی اہلیہ، معذور نوجوان اور سات ماہ کے بیمار بچے کی والدہ نے ملاقات کی۔ وزیر اعلی نے ڈاکٹر انور سجاد کے علاج معالجے کیلئے 5 لاکھ روپے، سات ماہ کے بیمار بچے کی والدہ قرۃ العین کو چار لاکھ روپے اور معذور نوجوان محمد فاروق احسان الحق کو ایک لاکھ 20 ہزار روپے کی مالی امداد کا چیک دیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈاکٹر انور سجاد کی اہلیہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت ڈاکٹر انور سجاد کے علاج معالجے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی۔صوبائی کابینہ نے غیر ہنرمند مزدور کی تنخواہ 15 ہزار سے بڑھا کر 16 ہزار 5 سو روپے کر دی جبکہ ہنرمند لیبر اجرت میں مزید 10 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل انصر مجید نے کہا ہے کہ پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ کی منظوری کے بعد مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے اب وفاق سے مدد نہیں مانگنی پڑے گی۔