لگتا ہے سیکرٹری جنگلات، ماحولیاتی تبدیلی جیل جا کر عدالتی حکم مانیں گے: ہائیکورٹ: 2 مئی کو طلب

Apr 25, 2019

لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی حکم کے باوجودچڑیا گھر میں ہاتھی لانے کے لیے این او سی جاری نہ کرنے پر سیکرٹری جنگلات اور سیکرٹری ماحولیاتی تبدیلی کو شوکاز نوٹسز جاری کردئیے۔فاضل عدالت نے قرار دیا کہ لگتا ہے کہ سیکرٹری جیل جانے کے بعد ہی عدالتی احکامات پر عمل کریں گے۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امیر بھٹی نے فواد مغل ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی ۔درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ چڑیا گھر میں ہاتھی لانے کے لیے انتظامات نہیں کیے جارہے بچے تفریح سے محروم ہوچکے ہیں دوران سماعت وفاقی حکومت کے وکیل نے استدعا کی کہ انہیں تحریری حکم نہیں ملا لہذا این او سی جاری کرنے کے لیے مہلت دی جائے ۔فاضل عدالت نے ریمارکس دئیے کہ اب متعلقہ آفیسر جیل جائیں گے تو ہاتھی آجائے گا آپ نے عدالتی احکامات کو مذاق بنا رکھا ہے۔ عدالت نے 2مئی کو سیکرٹری جنگلات اور سیکرٹری ماحولیاتی تبدیلی کو طلب کرلیا اور دونوں افسران کو شوکاز نوٹسز جاری کرکے وضاحت طلب کرلی۔

مزیدخبریں