پاکستان نے ایسٹر کے موقع پر ہونے والے المناک حملوں کےتناظر میں سری لنکا کو ہر ممکن حمایت اور تعاون کی پیشکش کی ہے۔
دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے آج اسلام آباد میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سری لنکا میں مقیم تمام پاکستانی محفوظ ہیں اورکسی کی ہلاکت کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ انہوں نے کہا کہ دھماکوں میں زخمی ہونے والی تین پاکستانی خواتین اب صحت یاب ہوگئی ہیں اور انہیں ہسپتال سے فارغ کردیاگیا ہے۔
دفترخارجہ کے ترجمان نے ایران میں دیئے گئے وزیراعظم کے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان غیر ریاستی عناصر کے حوالہ دے رہے تھے جو غیرملکی اثرورسوخ کےتحت پاکستانی سرزمین استعمال کرکے ملک کے اندر کارروائیاں کرتے ہیں یا پاکستان میں اس کی منصوبہ بندی کرتے ہیں جیسا کہ کلبھوشن یادیو اور مقامی سہولت کاروں کا معاملہ ہے۔
ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے سے متعلق انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں نے منصوبے پر عملدرآمد کےلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
بھارت کی طر ف سے کشمیر کی سرحد پر تجارت کی معطلی کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہا کہ دونوں ہمسایہ ملکوں کے درمیان تجارت اور اعتماد سازی کے دوسرے اقدامات اہم ہیں اور بھارت کا تجارت روکنے کا فیصلہ افسوسناک ہے۔