اسلام آباد (نیٹ نیوز) نئی منڈیوں تک برآمدات کے فروغ کے حوالے سے حکومت کی لک افریقا پالیسی کے ثمرات ظاہر ہونا شروع ہوگئے، 9ماہ سے زائد عرصے میں پاکستان کی افریقہ کو برآمدات میں 10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔ وزارت تجارت کے حکام کے مطابق جولائی تا 21اپریل پاکستان کی افریقہ کو برآمدات میں دس فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیا، لک افریقہ پالیسی کے تحت چاول کی برآمدات میں 20 فیصد کا اضافہ ہوا، چاول کی برآمدات ایک سو ملین ڈالر اضافے کے ساتھ پانچ سو ملین ڈالر سے بڑھ کر چھ سو ملین ڈالر تک پہنچ چکی ہیں۔ ٹریکٹرز کی برآمدات 9 ملین ڈالر سے بڑھ کر 15 ملین ڈالر پر پہنچ گئی، کپڑے کی صنعت میں بھی نمایاں بہتری آئی اور کپڑے کی برآمدات 4 ملین ڈالر سے بڑھ کر 50 ملین ڈالر ہو گئی، بیڈلینن کی برآمدات 6 ملین ڈالر کے اضافے کے ساتھ 36 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔