لاہور (کامرس رپورٹر) رمضان المبارک سے ایک روز قبل ہی دکانداروں نے سرکاری نرخنامے کی دھجیاں بکھیردیں۔ سبزیوں کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کردیا گیا۔ طلب میں اضافے اور رسد میں کمی کے باعث برائلر گوشت کی قیمت میں بھی 10روپے فی کلو اضافہ ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے سے رمضان المبارک کا آغاز ہونے کی وجہ سے عوام کی بڑی تعداد نے خریداری کیلئے بازاروں کا رخ کیا جس کی وجہ سے انتہائی رش دیکھنے میں آیا۔ دکانداروں نے مانگ میں اضافہ دیکھتے ہوئے سرکاری نرخ نامے کو کسی خاطر میں نہ لاتے ہوئے من مانے نرخرں پر فروخت کی۔ دیسی لیموں کے سرکاری نرخ 280روپے کی بجائے380سے 390روپے ، آلو نیا کچا چھلکا درجہ اول53کی بجائے60سے 65روپے، پیاز درجہ اول 53روپے کی بجائے 65سے 70روپے، لہسن دیسی 145کی بجائے190سے 200روپے، ادرک تھائی لینڈ 255 کی بجائے310سے 320روپے،ا درک چائنہ 310کی بجائے390 سے 400روپے، لیموں چائنہ 145 کی بجائے270روپے، گاجر چائنہ 26کی بجائے 32روپے، گاجر دیسی 40کی بجائے 45روپے، کچنار 135کی بجائے 150روپے، ٹینڈے دیسی87کی بجائے 95روپے، مونگرے 77کی بجائے80سے 85روپے، مٹر 120کی بجائے 135سے 140، اروی 89کی بجائے 95روپے، شلجم 14کی بجائے 18سے20، بھنڈی87کی بجائے 95سے100، گھیا توری59کی بجائے 70روپے، گھیا کدو 27کی بجائے30روپے، شملہ مرچ 34کی بجائے 38سے 40روپے، سبز مرچ اول 76کی بجائے80سے 85روپے، پھول گوبھی 27کی بجائے30سے 32روپے، بند گوبھی27کی بجائے30روپے، بینگن 32کی بجائے 35روپے، میتھی72کی بجائے80روپے، پالک 27کی بجائے30روپے، کریلے فارمی 42کی بجائے47سے 50روپے جبکہ ٹماٹر درجہ اول 45کی بجائے 50روپے فی کلو تک فروخت ہوتا رہا۔ شہر میں پرچون سطح پر برائلر گوشت کی قیمت مزید 10روپے اضافے سے 212روپے، زندہ برائلر مرغی7روپے اضافے سے 146روپے فی کلو جبکہ فارمی انڈوں کی قیمت 4روپے کمی سے 100روپے فی درجن رہی۔
رمضان المبارک: سرکاری نرخنامہ نظر انداز، سبزیاں، برائلر مہنگے
Apr 25, 2020