سرینگر(کے پی آئی ) بھارت کی علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں زیر تعلیم 300سے زائد کشمیری طلبہ وطالبات لاک ڈائون کی وجہ سے ہوسٹلوں اور کرایہ کے کمروں میں پھنس گئے ہیں۔ کئی طلبہ وطالبات نے بتایایونیورسٹی ہوسٹلوں کے علاوہ طلبہ کی بڑی تعداد کرایہ کے کمروں میںقیام پذیرہے اور لاک ڈائون کی وجہ سے روزمرہ کی چیزیں بھی میسر نہیں ہورہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مالی مشکلات کی وجہ سے انکے لئے کمروں کا کرایہ بھی ادا کرنا نا ممکن بن گیا ہے ۔ بشارت سلیم نے بتایا یونیورسٹی کی جانب سے ہوسٹلوں میں چند سہولیات دستیاب ہیں لیکن پھر بھی طلبہ کو گرمی کا موسم آنے سے پہلے ہی اپنے کمروں میں پنکھے، کولر اور دیگر سامان لانے کی ضرورت پڑتی ہے ۔بشارت سلیم نے بتایا یہاں زیر تعلیم کشمیری طلبہ و طالبات کی ایک بڑی تعداد ہوسٹلوں میں جگہ نہ ملنے کی وجہ سے نزدیکی کرایہ کے کمروں میں رہتی ہے اور اپنی ہر ضرورت خود پورا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا جوطلبہ کرایہ کے کمروں میں رہتے ہیں، انہیں پچھلے کئی دنوں سے روٹی بھی نصیب نہیں ہوئی ہے کیونکہ بازاربند ہیں اور کھانے پینے کا سامان بھی میسر نہیں ہے۔ہم چاہتے ہیں کہ جموں و کشمیر سرکار بھی ہماری واپسی کا انتظام کرے۔