نماز جمعہ کے دوران بڑی مساجد میں ایس او پیز کی پابندی‘ گلی محلوں میں خلاف ورزی

Apr 25, 2020

لاہور (خصوصی نامہ نگار) لاہور میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران بڑی مساجد میں حکومت اور علماء کے درمیان 20نکاتی ضابطہ اخلاق کی پاسداری کی گئی۔ کرونا سے بچاؤ کے پیش نظر بڑی جامعات میں نماز جمعہ طے شدہ گائیڈ لائن کے مطابق ادا کی گئی تاہم گلی محلوں کی مساجد میں کہیں کہیں سماجی فاصلے کی خلاف ورزی دیکھی گئی۔ بڑی مساجد میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کیلئے 3 فٹ چوڑائی اور 6 فٹ لمبائی کی جگہ چھوڑ کر نشانات لگا دئیے گئے جن کے مطابق نمازیوں نے نماز ادا کی۔ نمازی گھروں سے وضو کرکے آئے اور جائے نماز ہمراہ لائے۔ صاف فرش پر نماز پڑھی گئی۔ گذشتہ روز بادشاہی مسجد کے صحن کو بھی جراثیم کش ادویات ملے پانی سے دھویا گیا۔ بعض مساجد کے باہر نمازیوں کا درجہ حرارت تھرمل گنوں سے چیک کیا گیا۔ پولیس کی جانب سے صرف بڑی مساجد کو معقول سکیورٹی دی گئی۔

مزیدخبریں