کرونا سے دنیا کی سیاست بدل گئی، اپوزیشن کا منفی رویہ نہیں بدلا: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پاکستان کی بنیادوں کو کرپشن کے’’کرونا وائرس‘‘ نے کھوکھلا کیا۔ کرونا کے ساتھ کرپشن کا خاتمہ ہماری حکومت کا سرفہرست ایجنڈا ہے۔ عوام کے تعاون سے کرونا پر بھی قابو پائیں گے اورکرپشن پر بھی۔ ماضی کی حکومتوں کی کرپشن کا خمیازہ عوام بھگتنا پڑا۔ عوام بنیادی سہولتوں سے محروم رہے اورکرپشن کرنے والے عیش کرتے رہے۔اپوزیشن جماعتوں کے پاس کورونا سے نمٹنے کا نہیں بلکہ کرپشن بچانے کا ایجنڈا ہے۔ وبا کے باعث دنیا کی سیاست بدل گئی، بد قسمتی سے پاکستانی اپوزیشن کا منفی رویہ نہیں بدلا۔ اپوزیشن کی جانب سے اہم ترین مسئلے پر سیاست چمکانے کی منفی کوشش بری طرح ناکام ہوئی ہے اور مایوس اپوزیشن نے کروناجیسے اہم قومی مسئلے پر عوام کو مایوس کیا ہے۔ 22 کروڑ عوام اپوزیشن جماعتوں کے دوغلے چہرے پہچان چکے ہیں۔ وزیراعظم کی قیادت میں کرونا کی روک تھام کے لئے فیصلے اجتماعی بصیرت اور مشترکہ طورپر کئے گئے ہیں اور حکومت کے بروقت اور دور اندیش اقدامات سے اب تک کرونا کا پھیلاؤ ماہرین کے خدشات سے کم رہا ہے۔ کرونا کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال پر پوری نظر ہے اور پنجاب حکومت نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات کئے اور وقت ضائع کئے بغیر محکمہ صحت کو فنڈز جاری کیے گئے لیکن افسوس کی بات ہے کہ اپوزیشن جماعتیں کرونا وائرس جیسے قومی مسئلے پر بھی پوائنٹ سکورنگ کررہی ہیں۔ یہ وقت پوائنٹ سکورنگ کا نہیں بلکہ اتحاد کاہے۔ عوام کی زندگیوں کے مسئلے پر سیاست چمکانے کی کوشش قابل مذمت ہے۔ خالی بیان بازی کرنے والے عام آدمی کا دکھ درد کیا جانیں۔زبانی جمع خرچ سے عوام کا ساتھ دیا جاسکتا ہے نہ عوام آپ کے ساتھ کھڑے ہو سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ صنعت سے وابستہ شخصیات نے ملاقات کی اور کرونا سے متعلقہ ضروری سامان کا عطیہ دیا وزیراعلیٰ نے بتایا امدادی سرگرمیوں کی خود نگرانی کر رہا ہوں مشکل کی گھڑی میں دکھی انسانیت کیلئے جذبہ خیر سے حوصلے بڑھتے ہیں عثمان بزدار نے رمضان المبارک کی آمد پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک رحمتوں اور برکتوں والا مہینہ ہے محبت ایاثر اور باہمی اتفاق و اتحاد کا پیغام لیکر آتا ہے ذاتی اختلافات بھلا کر پاک وطن کی خاطر سب کو ملکر کام کرنا ہے شہری رمضان المبارک کے دوران گھر میں عبادات کو ترجیح دیں میں خود بھی گھر میں نماز پنجگانہ اور نماز تراویح ادا کروں گا۔

ای پیپر دی نیشن