کالعدم تنظیموں کو عطیات اکھٹے نہیں کرنے دیئے جائینگے

Apr 25, 2020

سنجوال کینٹ(نامہ نگار)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک سید خالد ہمدانی نے کہا ہے کہ ماہ رمضان المبا ر ک میں کالعدم تنظیموں کا عطیات اور صدقات اکٹھے کرنے سمیت کسی بھی حوالے سے کوئی سرگرمی نہیں کر نے دی جائے گی،کالعدم تنظیموں کے فعال کارکنوں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی کڑی نگرانی کی جائے گی،ماہ رمضان المبارک میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایک ایک ایس او پی پر عمل در آمد کروایا جائے گا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں ضلع بھر کے پولیس افسران نے شرکت کی،ڈی پی خالد ہمدانی نے کہا کہ کالعدم تنظیموں کے ماہ رمضان المبارک میں مختلف چھتریوں کے نیچے سرگرم ہونے کے زیادہ چانسز ہوتے ہیں اسی لئے ہمیں کالعدم تنظیموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی کڑی نگرانی کرنے کی منصوبہ بندی کر لی گئی ہے،فورتھ شیڈول میں شامل کوئی شخص بھی اپنا مسکن نہیں چھوڑ سکے گا،اس حوالے سے ضلع بھر کے تمام ایس ایچ اوز اور ایس ڈی پی اوز کو قوانین پر عمل در آمد کی سختی سے ہدایات کر دی گئی ہیں،انہوں نے کہا کہ خدا کا شکر ہے ضلع میں قابل رشک فرقہ وارانہ اور بین المذاہب ہم آہنگی موجود ہے، اس سال ماہ رمضان المبارک کورونا کی وجہ سے غیر معمولی حالات میں آیا ہے،کورونا کی وبائی اور موذی مرض کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے حکومت نے جو ایس اوپیز طے کئے ہیں ایک ایک ایس او پی پر مکمل ہی نہیں مکمل ترین عمل در آمد کیا جائے گا۔

مزیدخبریں