کراچی(کامرس رپورٹر)ملک میں سوشل سیکٹر میں کام کرنے والی اینگرو کارپوریشن کی ذیلی کمپنی اینگرو فائونڈیشن نے معاشرے کے کمزور اور پسماندہ طبقات کی خوشحالی کیلئے بل اینڈ ملینڈاگیٹس فائونڈیشن کے ساتھ 3سالہ معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت دونوں ادارے کرونا وائرس سے لاک ڈائون کی وجہ سے متاثر ہونے والے ملک کے مستحق افرادکو مدد فراہم کرنے کی غرض سے حکومت کے غربت کے خاتمے کے پروگرام کوبھی سپورٹ کریں گے۔اینگرو فائونڈیشن، دائود فائونڈیشن اور اس سے وابستہ مخیر اداروں کی نمائندگی کرے گی۔ دونوں ادارے باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں جیسے زراعت، مالیاتی شمولیت، خواتین کو بااختیار بنانے، غذائیت اور مائوں اور بچوں کی صحت کی دیکھ بھال کے شعبوں کا بھی جائزہ لیں گے۔ پروگرام کیلئے مخصوص تعاون کے علاوہ دونوں ادارے گرانٹ میکنگ سے متعلق تجربات سے بھی استفادہ کریں گے جس میں حکمتِ عملی تیار کرنا، گرانٹ پر عمل درآمد اور آپریشنل سپورٹ شامل ہیں۔ معاہدے پر اینگرو کارپوریشن کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر اور اینگرو فائونڈیشن کے ٹرسٹی غیا ث خان اور بل اینڈ ملینڈاگیٹس فائونڈیشن گلوبل ڈیولپمنٹ کے صدر ڈاکٹر کرس ایلاس نے دستخط کئے۔ اس موقع پر اینگرو کارپوریشن کے چیئرمین حسین دائود نے کہاکہ مجھے اینگرو فائونڈیشن اور بل اینڈ ملینڈاگیٹس فائونڈیشن کے درمیان معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔ ہماری شراکت داری انسانی وقار، احترام اور اساطیت کی مشترکہ اقدار پر مبنی ہے۔ میں بل اینڈ ملینڈاگیٹس فائونڈیشن کی جانب سے پاکستان کے مستحق افراد کو دی جانے والی امداد پر دل کی گہرائیوں سے ان کو سراہتاہوں۔ اس موقع پر اینگرو کارپوریشن کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر غیاث خان نے کہاکہ پاکستان کو اقوامِ متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے نئی شراکت داری قائم کرنے اور تمام شعبوں کے وسائل بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ ہم بل اینڈ ملینڈاگیٹس فائونڈیشن کے ساتھ مل کر مسائل کے طویل المدّتی حل کیلئے پرجوش ہیں جو ملک کو درپیش معاشرتی و سماجی چیلنجوں سے نمٹنے اور کمیونٹی میں پائیدار تاثر چھوڑنے میں ہماری مدد کریں گے۔ یہ تعاون بل اینڈ ملینڈاگیٹس فائونڈیشن کے پاکستان میں ایک دہائی سے زائد جاری کام کو مزیدآگے بڑھائے گا جو 2019احساس پروگرام کو پہلے ہی مدد فراہم کررہی ہے۔ فائونڈیشن کے دیگر پروگراموں میں پولیو کے خاتمے، مالیاتی شمولیت،حفاظتی ٹیکوں، ٹائیفائیڈ کنٹرول، زچگی اور نوزائیدہ بچوں کی صحت کی دیکھ بھال سمیت متعدد مشترکہ ترجیحات جیسے پروگرامز شامل ہیں۔ پولیو کا خاتمہ فائونڈیشن اور حکومت کی اوّلین ترجیح ہے ۔پاکستان ان 2ممالک میں شامل ہے جو اب بھی پولیو سے متاثر ہیں۔
غربت کے خاتمے اینگر وفائونڈیشن اور بل اینڈ ملینڈاگیٹس فائونڈیشن کے درمیان معاہدہ
Apr 25, 2020