لاہور(آئی این پی)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کا کہنا ہے کہ زمبابوے کیخلاف دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان کی کاکردگی انتہائی حد تک شرمناک رہی۔ اپنے ٹویٹ میں شعیب اختر نے کہا کہ ’مڈل آرڈر کی خرابیاں بری طرح بے نقاب ہوگئیں، بیٹسمین سلو وکٹ پر بری طرح ناکام رہے، شعیب اختر نے اپنے یوٹیوب چینل پر گزشتہ روز کھیلے گئے میچ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے پچھلا میچ بھی ہارنے کی پوری کوشش کی تھی لیکن خوش قسمتی سے پچھلا میچ تو نہ ہار سکے لیکن یہ میچ ہار گئے، پی سی بی اور کرکٹ ٹیم کے بیٹسمینوں پر تنقید جائز ہے، میچ کھیلنے والوں کو پتہ ہے کہ وکٹ مشکل ہے، شاٹس نہیں لگ رہے تو پچ کو دیکھتے ہوئے اسی طرح سے کھیلتے، یہ ایک شرمناک شکست تھی ،اب تیسرے میچ میں مضبوطی سے واپس آنا ہوگا‘۔یاد رہے کہ پاکستان کے مقابلے میں کمزور حریف زمبابوے نے ہوم گرائونڈ پر پاکستان کو دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں19 رنز کی اپ سیٹ شکست سے دوچار کردیا۔ زمبابوے نے پاکستان کو جیت کے لیے 119 رنز کا ہدف دیا تاہم پاکستان کی پوری ٹیم 19.5 اوورز میں 99 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔ دونوں ٹیموں کے مابین تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہوگئی ہے۔ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 25 اپریل کو کھیلا جائے گا۔
میچ کھیلنے والوں کو پتہ ہے وکٹ مشکل ہے‘ شاٹس نہیں لگ رہے تو پچ کو دیکھتے ہوئے اسی طرح سے کھیلتے‘ راولپنڈی ایکسپریس
Apr 25, 2021