لاہور+نارووال (نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+نامہ نگار) عمران خان اپنی ناکام سیاست زندہ رکھنے کے لیے پاکستان کے مفادات سے کھیل رہے ہیں۔ لاہور میں 180 ایچ ماڈل ٹائون اور پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے مزید کہا کہ عمران خان اپنی سیاست کی گاڑی کبھی آئین سے ٹکراتے ہیں، کبھی اداروں سے اور کبھی خارجہ پالیسی کو تنقید کانشانہ بناتے ہیں۔ پاکستان کو مضبوط بننا ہے تو پہلی شرط مضبوط معیشت ہے۔ ہمیں پاکستان کو کیوبا بنانا ہے نہ شمالی کوریا، چین کو یہ کہہ کر ناراض کیا گیا کہ اس نے مہنگے قرضے دیے ہیں، چین سے تعلقات میں سرد مہری پیدا کر دی گئی۔ یورپی یونین کو جلسے میں للکارنا شروع کر دیا، ہمیں امریکہ کی تجارتی منڈیوں تک بھی جانا ہے۔ سعودی عرب ہر آڑے وقت پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوا، عمران نیازی نے خلیجی ممالک سے بھی تعلقات کا ستیاناس کر دیا، یہ کسی ملک دشمن کے ایجنڈے پر چل رہا ہے۔ اب آپ کو الیکشن کمشن سے خوف آ رہا ہے، آپ نے پاکستان دشمن ذرائع سے فنڈنگ حاصل کی ہوئی ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی نے 2 بار واضح کر دیا کہ پاکستانی سفیر کے مراسلے میں کسی بیرونی سازش کا ذکر نہیں ہے۔ ٹاپ انٹیلی جنس ایجنسیوں اور قومی اداروں کی جانب سے اس بات کی تصدیق کے بعد اسے دفن ہوجانا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں آپ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش ہوئی تو آپ نے ڈپٹی سپیکر سے آئین شکنی کرائی اور اسے گلیمرائز کیا کہ یہ بڑا بہادر آدمی ہے اس نے آئین توڑا ہے، وہ ہیرو نہیں ہیں پاکستان کے آئین کے مجرم ہیں اور ان کے خلاف ان شاء اللہ آئین شکنی پر کارروائی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان جلسوں میں کہتے ہیں کہ رات 12 بجے کیوں عدالت لگی، اگر آپ آئین توڑتے اور عدالت رات 12 بجے نہ لگتی تو عدالت آئین شکنی کرتی، سپریم کورٹ نے اپنی ذمہ داری ادا کر دی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی یہ حکمت عملی ہے کہ جس ادارے سے ان کے خلاف فیصلہ آنے والا ہو اس کو متنازعہ بنا دو۔ احسن اقبال نے کہا کہ سب سے بڑے صوبے پنجاب میں تین ہفتے سے آئینی بحران کا سلسلہ جاری ہے۔ پنجاب میں گھناؤنا کھیل رچایا ہوا ہے۔ عثمان بزدار کو وزیر اعلی لگا کر نہ جانے کون سا پنجاب سے بدلہ لیا۔ پھر دو سال پنجاب کے بلدیاتی ادارے توڑ رکھے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد پر پنجاب میں فیصلے کا وقت آیا تو باہر سے لائے غنڈوں سے جگ ہنسائی کروائی گئی، پرویز الہی نے اپنے بدمعاشوں اور غنڈوں سے ڈپٹی سپیکر کو حراساں کیا۔ اب وقت آ گیا پاکستان کو ‘‘رونا’’ وائرس سے پاک کریں، عمران نیازی کرونا کے بعد ’’رونا’’ وائرس سے قوم کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ مداخلت و سازش میں کیا فرق ہے کے سوال پہ جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب کوئی ملک ہمارے ملک میں انسانی حقوق پہ تبصرہ کرتا ہے تو اسے ہم مداخلت قرار دیتے ہیں اور سازش تب ہوتی ہے جب ملکی سالمیت کیخلاف کارروائی کی جائے۔ احسن اقبال نے کہا کہ کوئی ملک معیشت سیاست یا امن پر بالواسطہ حملہ کرے تو سازش ہوتی ہے، ہمیں اسلام آباد مارچ سے کوئی خطرہ نہیں۔احسن اقبال کی اپنے آبائی حلقہ آمد اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج اللہ تعالی نے عمران خان کے جھوٹ کو رسوا کر کے نکال دیا۔ سپورٹس سٹی کو عمران خان نے بھوت بنگلہ بنا دیا۔ اس منصوبے کو 4 ماہ میں مکمل کریں گے اور اگلے پی ایس ایل کا ایک میچ نارووال میں کروانے کا وعدہ کرتا ہوں۔ وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ بننے کے بعد نارووال آمد ہوئی تو جسڑ چوک میں مسلم لیگ ن کے کارکنان کا احسن اقبال کا پرتپاک استقبال، آتش بازی سے آسمان روشن ہو گیا۔ احسن اقبال کی آمد پر آتش بازی، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے، کارکنان نے پھولوں کے ہار پہنائے۔ کئی من پتیاں نچھاور۔ احسن اقبال کو ریلی کی صورت میں استقبال کرتے ڈیرہ اقبال منزل لایا گیا۔