اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عدالتی احکامات کی دھجیاں اڑانے والے کہتے ہیں کہ رات کو عدالتیں کیوں کھلیں؟، جب آئین شکنی ہوگی تو عدالتیں تو کھلیں گی۔ اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان فسطائیت اور آئین شکنی چھوڑیں، پارلیمان کے اغواء کار نہ بنیں، پہلے آئین، جمہوریت اور پارلیمان کو یرغمال بناتے ہیں اور پھر کہتے ہیں کہ عدالتیں کیوں کھلتی ہیں؟۔ انہوں نے کہا کہ آئین شکنی پر عدالتیں کھلیں تو عمران صاحب سازش کے جھوٹ بولنے لگتے ہیں، آئین شکن ٹولے کو آرٹیکل 6 کے تحت سزا ملنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ چاہے پوری پی ٹی آئی بیمار پڑ جائے حمزہ شہباز حلف ضرور لیں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہم ملک میں انسداد اور انتشار پھیلانے والے مواد کو قانون کی قوت سے روکیں گے۔ اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ میںانہوں نے کہا کہ کنٹینر پر انسداد و انتشار پھیلانے والوں کے دامن عوامی خدمت سے خالی ہیں۔