iمتعدد وارداتیں: شاہدرہ میں 32 سالہ نوجوان قتل، ڈکیتی مرڈرکا شبہ

Apr 25, 2022

لاہور (نامہ نگار) شہرکے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے جبکہ شاہدرہ کے علاقے میں نامعلوم افراد نے 32 سالہ نوجوان کو سر میں لوہے کے راڈ مار کر قتل کر دیا اور فرار ہو گئے، شبہ ہے کہ اسے ڈکیتی مزاحمت پر قتل کیاگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شاہدرہ کے علاقے میں لطیف چوک کار رہائشی اشفاق کباڑ کا کام کرتا تھا۔ گزشتہ روز نامعلوم ملزمان کباڑ خانے کی دیوار پھلانگ کر اندر داخل ہوئے اور انہوں نے اشفاق نوجوان کو لوہے کے راڈ سے وار کر کے قتل کر دیا اور نقدی و موبائل فون لے کر فرار ہو گئے ہیں۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور فرانزک ٹیم نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کرکے نعش پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔شبہ ہے کہ اسے ڈکیتی مزاحمت پر قتل کیاگیا ہے۔ادھر ڈاکوؤں نے گھروں، دکانوں اور راہزنی کی وارداتوں میں ہڈیارہ کے علاقے میں 5 لاکھ 40 ہزار، کوٹ لکھپت کے علاقے میں 3 لاکھ 80، شادباغ میں 2 لاکھ 76 ہزار، سمن آباد کے علاقے میں ایک لاکھ 55 ہزار، نواب ٹاؤن کے علاقے میں 4 لاکھ، سبزہ زار میں 62 ہزار، گلشن راوی میں 50ہزار، قلعہ گجر سنگھ کے علاقہ میں 20 ہزار، شاہدرہ کے علاقہ میں 15 ہزار روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فونز اور دیگر سامان لوٹ لیا اور فرار ہوگئے ہیں۔ چوروں نے کاہنہ کے علاقے میںبشیراحمدکے گھر سے3 لاکھ29ہزار روپے مالیت کی نقدی،طلائی زیورات اور دیگر سامان چوری کر لیا ہے۔ چوروں نے ٹاؤن شپ، شاسندر اور ڈیفنس کے علاقوں سے3کاریں،چوہنگ کے علاقے سے رکشہ جبکہ باٹا پور،لیاقت آباد ، شاہدرہ،ستوکتلہ،وحدت کالونی ،بھاٹی گیٹ ،کاہنہ اور نیو انارکلی کے علاقوں سے8موٹر سائیکلیں چوری کر لی ہیں۔
ڈاکے/ قتل

مزیدخبریں