ملتان(بیورو رپورٹ) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جعلسازوں کیخلاف کارروائیوں کے نتیجہ میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے10,000 لیٹر کاربونیٹڈ ڈرنکس تلف کر کے 40 ہزار جرمانہ عائد کردیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی شعیب خان جدون نے کہا کہ خفیہ اطلاع پر سورج میانی میں فیکٹری کیخلاف کارروائی کی گئی،جہاں کھلے رنگ اور فلیورز کی ملاوٹ کرکے غیر معیاری جوس تیار کیا جارہا تھا۔ شعیب خان جدون نے بتایا کہ ٹیسٹ کے دوران مشروبات کی برکس ویلیو معیار سے کم پائی گئی، پروسیسنگ ایریا میں گندا پانی جمع تھا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی شعیب خان جدون نے کہا کہ جعلی ڈرنکس تیار کرکے عید کے موقع پر جنوبی پنجاب بھر میں سپلائی کی جانی تھیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر فیکٹری مالکان کو 40 ہزار جرمانہ کردیا گیا ہے۔