لاہور( کامرس رپورٹر)پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ میںسیکشن 65 کو بحال کرے تاکہ نئی انڈسٹری فروغ پائے ،موجودہ ٹیکس دہندگان پر مزید بوجھ ڈالنے کے بجائے ان ڈھائی کروڑور افراد کو ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جائے، جن کی معلومات اداروں کے پاس موجود ہیں۔ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے صدر رانا منیر حسین ، سیکرٹری جنرل قمرالزمان چوہدری اور دیگر مقررین نے ٹیکس اور عوام مذاکرے میں پری بجٹ 2022-23 پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ٹیکس بارز کے عہدیداران اور ممبران بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کا سیاست سے قطعی کوئی تعلق نہیں ہونا چاہیے اور پاکستان کو جلد سے جلد اس کیلئے پالیسی اور طریق کار وضع کرنا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کو ٹھیک کرنے کیلئے طویل المدت پالیسیاں تشکیل دینا پڑتی ہیں جبکہ ہمارے ہاں ہر دو سال بعد سیاسی عدم استحکام آ جاتاہے، جس کے منفی اثرات سے معاشی اہداف بری طرح متاثر ہوتے ہیں۔