اسلام آباد (نامہ نگار)پاکستان میں گوشت کی صنعت کی سالانہ شرح نمو 27فیصد ہے۔ گزشتہ مالی سال میں گوشت کی پیداوار 4.9ملین ٹن رہی تھی، جس میں سے دو فیصد گوشت برآمد کیا گیا ۔ اقتصادی جائزہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران گوشت کی قومی پیداوار 4.9ملین ٹن تک بڑھ گئی جس میں دو فیصد یعنی 95ہزار 991ٹن گوشت برآمد کیا گیا۔ پاکستان زیادہ ترگوشت خلیجی اور مشرق وسطی کے ممالک کو برآمد کرتا ہے ۔ رواں مالی سال کے اختتام تک گوشت کی برآمدات میں 500ملین ڈالر کا اضافہ متوقع ہے، جس کی بنیادی وجہ اردن ، انڈونیشیااور مصر کی نئی منڈیوں کو برآمدات کا آغاز ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2003ء کے بعد ملک میں گوشت کی صنعت کی سالانہ شرح نمو 27فیصد ہے۔ مالی سال 2003کے دوران گوشت کی قومی مارکیٹ 14ملین ڈالر تھی جو گزشتہ مالی سال 2021 ء کے اختتام تک 340ملین ڈالر تک بڑھ چکی ہے گوشت کی مقامی مارکیٹ میں بڑھوتری کی بنیادی وجہ بڑے گوشت کی پیداوار میں ہونے والا اضافہ ہے، جس کے نتیجہ میں پاکستان کا شمار گوشت برآمد کرنے والے 20بڑے ممالک میں ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ زراعت کے شعبہ میں لائیو سٹاک کا حصہ 60.1فیصد ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے دوران مجموعی قومی پیداوار میں شعبہ کا حصہ 11.5فیصد ریکاررڈ کیا گیا ہے۔ ملک میں 80لاکھ سے زائد خاندانوں کی تقریباََ 35تا 40فیصد آمدنی کا انحصار لائیو سٹاک پر ہے۔
گوشت کی برآمدات میں 500ملین ڈالرز کا اضافہ متوقع
Apr 25, 2022