لاہور( کامرس رپورٹر)مرکزی کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن لاہور نے شہباز شریف کے وزیراعظم بننے کی خوشی میں اپنے طو رپر، پرچون سطح پر چینی ، بیسن ، دال چنا سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں 10سے15فیصد کمی کا اعلان کر دیا ۔ یہ اعلان سیکرٹری جنرل طاہر ثقلین بٹ نے ایسوسی ایشن کے ہنگامی اجلاس کے بعد کیا ۔ اجلاس میں چیئرمین رانا منظور، صدر حافظ عارف، سینئر نائب صدر شیخ ریاض سمیت دیگر عہدیدار شریک ہوئے ۔ طاہر ثقلین بٹ نے بتایا کہ ایسوسی ایشن کے فیصلے کے مطابق پرچون سطح پر چینی کی قیمت 90کی بجائے84روپے کلو کر دی گئی ہے جو آئندہ چند روز میں80 روپے کلو تک لائی جائے گی ، اسی طرح بیسن،مشروبات،دال چنا، سفید چنے سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی فی الفور 10سے15فیصد کمی کر دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف ویژن رکھنے والے تاجر دوست رہنما ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ ان کی قیادت میں معیشت اپنے پائوں پر کھڑی ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ تاجر طبقہ مشکل وقت میں حکومت کیساتھ ہے اور جس قدر ممکن ہوا ، عوام کو مزید ریلیف دیں گے ۔ انہوںنے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تھوک مارکیٹو ں میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کے حوالے سے میکنزم لایا جائے اور ضلعی انتظامیہ زمینی حقائق کے مطابق نرخ نامہ جاری کرے تاکہ دکاندار اپنے بچوں کا پیٹ پا ل سکیں۔
کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن:شہباز شریف کے وزیراعظم بننے پر خوش، قیمتوں میں کمی
Apr 25, 2022