اسلام آباد(نا مہ نگار) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا سویٹ ہوم اسلام آباد کا دورہ۔اسپیکر قومی اسمبلی نے سویٹ ہوم اسلام آباد کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب نور سحر میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ سپیکر قومی اسمبلی نے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سویٹ ہومز کے ذریعے بے سہارا اور یتیم بچوں کی کفالت کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں بہت کم لوگ ایسے ہوتے ہیں جن سے اللہ تعالی اپنے خاص مقصد کا کام لیتا ہے،زمر خان کا شمار بھی ان چند شخصیات میں ہوتا جن کو اللہ تعالی نے اس عظیم مقصد کے حصول کے لیے چنا ہے، اپنی زندگی کو بے سہارا لوگوں کے لیے وقف کرنا ہی اصل مقصد ہے،سویٹ ہومز کے ہونہار بچے ہمارے معاشرے کا قیمتی اثاثہ بنیں گے، مستقبل میں یہ بچے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے ضامن ثابت ہونگے، راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ جس خوب صورت ماحول میں ان بچوں کی تعلیم و تربیت ہو رہی ہے یہ ان کی کامیابی کی ضمانت ہے، سویٹ ہومز میں تمام بنیادی سہولیات سے آراستہ ماحول کی فراہمی یقینا قابل رشک ہے،مجھے بطور وزیراعظم بھی سویٹ ہوم میں آنے کا موقع ملا تھا۔