عالمی ہفتہ حفاظتی ٹیکہ جات آگاہی مہم 24 اپریل سے شروع ہو گی 


 راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)عالمی ہفتہ حفاظتی ٹیکہ جات آگاہی مہم 24 تا 30 اپریل 2022 تک جاری رہے گی۔ جس میں 2 سال سے کم عمر  بچوں  کی 12 امراض کے خلاف ویکسینیشن کی جائے گی۔  اور حاملہ خواتین کو تشنج سے بچا کے حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار  سی ای او  ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر فائزہ کنول  نے  بینظیر ھاسپیٹل   میں منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کے دوران کیا۔ اس سیمینار میں پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل  یونیورسٹی،  پروفیسر ڈاکٹر رائے محمداصغر چائلڈ اسپیشلسٹ،  ڈاکٹر احسان غنی ڈی ایچ او راولپنڈی ، چوہدری محمد حسین  ڈسٹرکٹ سپریٹنڈنٹ  ویکسینیشن راولپنڈی  اور  محکمہ صحت کے افسران و  اسٹاف نے شرکت کی۔ اس سیمینار سے ڈاکٹر رائے محمداصغر نے  بچوں کے امراض کے بارے میں آگاہ کیا اور کہا کہ ان امراض کے باعث دنیا بھر میں شرح اموات پاکستان میں سب سے زیادہ ہے۔  دوسری طرف پاکستان میں ان 12 امراض کے خلاف انتہائی  قیمتی اور بہترین ویکسین موجود ہے۔ جس سے انسانی جانوں کو بچایا جا سکتا ہے۔  بچوں کی بروقت ویکسینیشن سے شرح اموات میں خاطر خواہ کمی لائی جاسکتی ہے۔  سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی  ڈاکٹر فائزہ کنول اور ڈی ایچ او ڈاکٹر احسان غنی نے  عالمی ہفتہ برائے حفاظتی ٹیکہ جات  کے بارے میں تمام انتظامات کی تفصیل سے شرکا  سیمینار کو آگاہ کیا۔ 

ای پیپر دی نیشن