راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف راولپنڈی میٹرو پولیٹن کے صدر و سابق صوبائی وزیر راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ 22 کروڑ مسلمانوں کے پاکستان میں دو خاندانوں کی بد ترین آمریت اور بادشاہت کے خلاف پہلی مرتبہ عوام ایک قوم بن کر ابھر رہے ہیں . آج عوام کے اندر وہی جذبہ بیدار ہو چکا ہے جو تحریک پاکستان کے وقت ہماری لیڈر شپ اور عوام میں موجود تھا. ہم نے اغیار کی معاشی اور سیاسی غلامی کی زنجیروں کو توڑ کر ریاست مدینہ کے مثل پاکستان کے تمام وسائل انسانی ترقی پر خرچ کرنے ہیں. ہم نے اپنے دین اسلام اور ناموس رسالت کا تحفظ عملی طور پر کیا ہے اور کرنا ہے . اس جہاد میں اسلام اور نبی کریمؐ کے ساتھ محبت کرنے والا ہر محب وطن پاکستانی ہمارے ساتھ ہے . ہم نے اپنی فوج اور دفاع کو مزید مضبوط کرنا اور ہر ایک کو عزت دینی ہے جس کا راستہ اغیار کی غلامی سے نجات ہے . انہوں نے یہ بات پاکستان تحریک انصاف کے پبلک سیکریٹریٹ سید پور روڈ میں معززین اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی . راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ ہمارا ایمان ہے کہ رزق دینے والی ذات عالی شان اللہ رب العزت ہے ہمیں اپنی خودی بیچ کر روٹی نہیں چائیے . انہوں نے کہا کہ ماضی میں دو ، دو بار حکومت کرنے والے امپورٹیڈ حکومت کے موجودمقتدر حکمران اقبال کی اس شاہین قوم کو خاکبازی کا سبق دے رہے ہیں . وہ غلام ذہن کے ساتھ قوم کو روٹی کا لالچ دے رہے اور یہ بھول چکے ہیں کہ روٹی اللہ تعالی دیتا ہے . انہوں نے کہا کہ عمران خان نے قوم کے اندر قومی غیرت وحمیت اور خودی کو بیدار کر دیا ہے . ہم مشکل حالات سے گزر کر بہت جلد قوم کو باعزت اور باوقار طریقے سے اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کی جدوجہد کر رہے . انہوں نے کہا کہ پاک فوج ہمارے قومی وجود کا وہ حصہ ہے جو ہماری جغرافیائی سرحدوں کی محافظ اور بیرونی جارحیت کے خلاف ڈھال ہے . ہم اپنی اس ڈھال کو مضبوط سے مضبوط تر بنائیں اور اس کی عزت و توقیر میں کوئی کمی نہیں ہونے دیں گے .