کلرسیداں(نامہ نگار)مسلم لیگ ن پنجاب کے نائب صدر کلرسیداں سے سابق رکن پنجاب اسمبلی انجینئر قمراسلام راجہ نے وضاحت کی ہے وہ اس غلط فہمی کا خاتمہ کرنا چاہتے ہیں کہ گزشتہ انتخابات میں میری گرفتاری کے پیچھے چوہدری نثار علی خان کا ہاتھ ہرگز نہیں تھا انہوں نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں پہلی بار اس بات کا خصوصی تذکرہ کیا ہے کہ گزشتہ انتخابات میں ان کی گرفتاری میں سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خاں کا کوئی ہاتھ نہیں تھا بلکہ ان کی گرفتاری اور سختیوں کا مقصد میاں شہباز شریف کے سرکاری پراجیکٹس میں خامیاں اور کرپشن تلاش کرنا بلکہ کھود کر نکالنا تھا اور مجھے وعدہ معاف گواہ بنانا تھا تا کہ پنجاب کی ترقی اور پراجیکٹس جو ہماری انتخابی مہم کی بنیاد تھی کو آلودہ کر کے مسلم لیگ ن کی کامیابی کو روکا جا سکے ۔نیب نے اسی مقصد کے لیے تمام ہتھکنڈے یعنی دباؤ اور ترغیبات و ذہنی تشدد کے راستے اختیار کیے گئے مگر اللہ کی ذات نے 78دنوں کے جسمانی ریمانڈ اور قید تنہائی میں جسمانی طور پر صحتمند اور ذہنی طور پر ہشاش بشاش رکھا۔ مشکل وقت کٹ جاتا ہے مگر کردار زندہ رہتا ہے،کل پشاور کی بریفنگ دیکھ کر یقین آگیا کہ جمہوریت ہی بہترین انتقام ہے۔ آج الحمدللہ حکومت میں ہیں مگر اس عزم کے ساتھ کہ لوگوں کی زندگی کو جہنم نہیں جنت بنانے کی کوشش کرنی ہے۔