کراچی(نعیم اختر) مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما ایم پی اے پنجاب اسمبلی رانا مشہود نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوام کی فلاح و بہبود‘ جمہوریت کے استحکام اور پارلیمنٹ بالادستی کے لئے سیاست کی ہے ملک گیر سطح پر میگا عوامی بہبود کے منصوبوں کی تکمیل اس بات کا ثبوت ہے کراچی میں گرین لائن منصوبے نے شہر قائد کے عوام کے دل جیت لئے ہیں لوگ باحفاظت سستی سفری سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھارہے ہیں۔ انشاء اللہ آئندہ بھی وزیراعظم میاں شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ کراچی کے لئے نا صرف میگا منصوبوں بلکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ شہر قائد کے شایانہ شان ترقیاتی پیکیج کا اعلان کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن سندھ کے نائب صدر اور شہباز شریف این اے 249 سیکرٹریٹ کیماڑی کے انچارج اور پی ایس 115 کیلئے آئندہ الیکشن کے امیدوار خواجہ غلام شعیب سے ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر خواجہ غلام شعیب نے رانا مشہود کو کراچی کے تنظیمی‘ سیاسی گہما گہمی‘ بلدیاتی اتخابات سمیت دیگر دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ خواجہ غلام شعیب نے بتایا کہ سابقہ بلدیاتی الیکشن میں ایم کیو ایم کے بعد مسلم لیگ(ن) کامیابی کے لحاظ سے دوسری بڑی جماعت تھی۔ آئندہ بلدیاتی اور عام انتخابات میں قیادت کو سرپرائز رزلٹ دینگے۔ رانا مشہود نے کراچی کی تنظیمی سرگرمیوںپر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی متوالوں کا شہر ہے۔ شہر قائد پاکستان کا دل‘ معاشی حب اسے کسی طور پر نظراندازنہیں کیا جاسکتا۔ مسلم لیگ کی قیادت کے دل کراچی کے عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔