کراچی (کلچرل رپورٹر)پاکستان میں بچوں کے موضوع پر فلمیں بنانے کا رجحان نہیں ہے اور نہ کبھی اس حوالے سے کوشش کی گئی حالانکہ پاکستان میں بچوں کے لیے بے شمار ٹی وی ڈرامے بنائے گئے جو بڑوں میں بھی خاصے مقبول رہے۔ عینک والاجن، اس کی واضح مثال ہے۔ پاکستان میں بچوں اور خاص طور پر ٹین ایجرز کے لیے ناولز اور سیریز بھی کافی پاپولر رہے، جیسا کہ عمران سیریز یا انسپکٹر جمشید سیریزوغیرہ کو بے پناہ پزیرائی ملی۔ یہ پہلی بار ہورہا ہے کہ پاکستان میں اس ٹائپ کی کوئی فلم بنائی گئی ہے اوروہ بھی خاص طور پر ٹین ایجرز کے لیے ڈیزائن کی گئی ہے، جس کے مرکزی کردار بھی انسپکٹر جمشید سیریز کے کرداروں کی طرح ٹین ایجرز ہی ہیں۔ یوتھ بیسڈ ایڈوینچر مووی ’کھیل ‘ عید الفطر کے چار ہفتوں بعد 3جون کو پاکستان بھر کے سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی، جس کا ٹریلر ریلیز کردیا گیا ہے۔ یوٹیوب اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ٹریلر کی ریلیز کے ساتھ ہی مووی کے تبصرے آنا شروع ہوگئے اور فلم بینوں کی اکثریت نے فلم کی پہلی جھلک کو بے حد سراہا ہے۔کھیل، پاکستان میں بننے والی پہلی ٹین ایج ایڈوینچر مووی ہے جسے ریور ویو فلمز نے پروڈیوس کیا ہے جبکہ پاکستان کا لیڈنگ ڈسٹری بیوشن ادارہ میٹرو لائیو موویز اسے ریلیز کرنے جارہا ہے۔فلم کی کاسٹ میں ذیادہ تر نئے چہرے شامل ہیں۔ فلم کی پروڈیوسر فریحہ شیخ، رائٹر پروین عاطف، سمیل عاطف ، آیان اور ڈائریکٹر ظلِ عاطف ہیں۔ کاسٹ میں دْعا علی، سمیل عاطف، مناہل ملک، علائبہ مصری، عبدالنافع، حسن قیصراور عبدالرافع شامل ہیں۔