ظاہرکی بجائے باطن کو خوبصورت بنانا اصل عبادت ہے: طاہرالقادری 

Apr 25, 2022

اسلام آباد(نا مہ نگار)تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے منہاج القرآن کے شہر اعتکاف میں دوسرے روز ہزارہا معتکفین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے باطن کو اپنے ظاہر سے خوبصورت بنائیں کیونکہ ظاہر مخلوق دیکھتی ہے جب کہ باطن کو خالق دیکھتا ہے، مخلوق کے لیے بننے سنورنے والو خالق کے لیے اپنے باطن کو اجلا بنا تاکہ قیامت کے روز دلوں کے بھید جاننے والے مالک کل کے سامنے نظریں جھکا کر کھڑا نہ ہونا پڑے۔  طہار القلوب کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جتنی زندگی بچی ہے اسے قلب و باطن کی تطہیر اور پاکیزہ بنانے کے لیے محنت کریں، اور باطن کو ظاہر سے اچھا کر دینے کی دعا کرتے رہا کریں،اس موقع پر چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسین محی الدین قادری، خرم نواز گنڈاپور، علامہ رانا محمد ادریس، ڈاکٹر رفیق نجم، نور اللہ صدیقی، علامہ امداد اللہ قادری، سردار شاکر مزاری، علامہ میر آصف اکبر، جواد حامد، راجہ زاہد محمود اور منہاج القرآن کے قائدین بھی موجود تھے،شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا کہ دل جسمانی امور و افعال کا مرکز ہے اگر دل سنور جائے اور دین کی محبت سے روشن ہو جائے تو پورا جسم اور جسمانی اعضا گناہوں سے بچ جاتے ہیں اور اگر دل بگڑ جائے اور اس میں فساد آ جائے تو پھر جسم کا پورا نظام بگڑ جاتا ہے لہذا اخلاص نیت کے ساتھ اپنی خامیوں کا اعتراف کریں اور پھر اللہ کو گواہ بنا کر ان غلطیوں کا اعادہ نہ کرنے کا عزم کریں، جب آپ اللہ کے سامنے سرنڈر کر دیں گے تو پھر وہ غفور الرحیم اپنی توفیقات کے دروازے آپ پر کھول دے گا، غفلت کی زندگی کو ترک کر دیں،انہوں نے کہا کہ جس کا باطن خراب ہو اس کا ظاہر بھی خراب ہو جاتا ہے پہلے باطن پھر ظاہر بگڑتا ہے، اس لیے اپنے باطن کو درست کرنے کی فکر کرو۔ انھوں نے کہا کہ عادت کے طور پر نہیں عبادت کے طور پر اچھا بنو، کیونکہ اجر عادت پر نہیں عبادت پر ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو نماز پنجگانہ کا تارک ہے، حلال اور حرام میں تمیز نہیں کرتا، فرائض کی ادائیگی میں غافل ہے تو اس کا اچھا دل رکھنے کا دعوی خود فریبی باطل اور دجل و فریب کے سوا کچھ نہیں ہے۔ 
طاہرالقادری 

مزیدخبریں