کراچی(این این آئی)پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہاہے کہ قوم نے تمام تجربات کر کے دیکھ لئے ہیں مسائل حل ہونے کے بجائے حالات بد سے بدتر ہوتے جا رہے ہیں۔ پاکستان پر اب تک حکمرانی کرنے والی تمام سیاسی جماعتیں عوامی مسائل حل کرنے میں قطعی سنجیدہ نہیں۔ قوم کا المیہ یہ ہے کہ وہ اپنے مسائل کے حل کے لیے جن حکمرانوں کی جانب دیکھ رہی ہے وہ خود مسائل کی چلتی پھرتی فیکٹریاں ہیں۔ قوم نے اگر واقعی اپنے مسائل حل کروانے ہیں تو ان کے پاس پاک سر زمین پارٹی کے علاہ اب کوئی دوسرا آپشن نہیں۔ عمران خان کی نااہلی نے کرپٹ اور متعصب حکمرانوں کی اولادوں کو بھی قوم پر مسلط کردیا ہے۔ پاکستان کے اب تک کے حکمران کیا جانیں کہ بس کی چھت پر سفر کرنا، گھنٹوں پانی کی لائن میں کھڑا ہونا، سرکاری ہسپتال میں کتے کے کاٹنے کی ویکسین نا ملنے سے اولاد کا ہاتھوں میں دم توڑنا، تعلیم یافتہ ہونے کے باوجود نوجوان اولاد خودکشی کرلے تو ماں پر کیس گزرتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنرل ورکرز اجلاس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر صدر پی ایس پی انیس قائم خانی سمیت دیگر مرکزی قائدین بھی موجود تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ سیاسی، سماجی اور معاشی بحران کا حل پی ایس پی کی مجوزہ 3 آئینی ترامیم ہیں، جنکا نفاذ اب ناگزیر ہوچکا ہے۔ پاکستان ان 3 ترامیم کے بغیر اب مزید نہیں چل سکتا۔ ریاست پاکستان جتنی دیر سے ہمارا مجوزہ حل نہیں اپناتی، پاکستان کا اتنا زیادہ نقصان ہوتا رہے گا۔
مصطفی کمال