محکمہ موسمیات کے مطابق رواں سال کا یہ سورج گرہن پاکستان میں نہیں دیکھا جا سکے گا کیونکہ یہ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق آدھی رات کو شروع ہوگا۔پی ایم ڈی کی جانب سے جاری کردہ ایک مختصر بیان میں کہا گیا ہے کہ سورج گرہن جزوی ہوگا اور یہ جنوبی امریکا، انٹارکٹیکا کے کچھ حصوں اور بحرالکاہل اور بحر اوقیانوس کے علاقوں میں نظر آئے گا۔ادارے کے مطابق جزوی سورج گرہن تیس اپریل کی رات پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق گیارہ بجکر 45منٹ پر شروع ہو گا اور یکم مئی ایک بجکر 42منٹ پر ختم ہو گا۔
رواں سال کا دوسرا سورج گرہن 25 اکتوبر کو ہو گا ۔ دوسرا سورج گرہن یورپ، مغربی ایشیا ، شمالی آسٹریلیا،اور جنوبی ایشیا کے کچھ حصوں میں دیکھا جاسکے گا۔یاد رہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق سال 2022 میں 2سورج اور 2 چاند گرہن ہوں گے۔خیال رہے کہ چاند کی زمین کے گرد گردش کے دوران ایسے مواقع آتے ہیں جب یہ سورج اور ہمارے سیارے کے درمیان آ جائے تو یہ سورج کی روشنی کو زمین تک پہنچنے سے روک دیتا ہے اور یوں سورج کو گرہن لگ جاتا ہے ۔ دوسرے لفظوں میں چاند زمین کی سطح پر اپنا عکس ڈال دیتا ہے۔