ڈان لیکس‘ نواز باجوہ ملاقات اور ’’متروکہ املاک‘‘

Apr 25, 2023

عرفان صدیقی

29 اپریل 2017 کو‘ اوّل ِشب کی لطیف ساعتوں میں، آرمی ہائوس سے اسلام آباد آتے ہوئے میں اِسی پیچ وتاب میں رہا کہ ’’ڈان لیکس‘ کا اُونٹ، جس کی کوئی کَل سیدھی نہیں، کس کروٹ بیٹھے گا؟ بیٹھے گا بھی یا یوں ہی شُتْرغَمْزے دِکھاتا رہے گا۔ یہ خلش بھی پیہم چُٹکی لے رہی تھی کہ مجھے اس مشقِ زیاں کار میں پڑنا بھی چاہیے تھا یا نہیں ؟ ڈان لیکس کے معاملات دیکھنے والی ایک باضابطہ، رابطہ کار ٹیم موجود تھی۔ وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان اس کا مرکزی کردار تھے۔ اسحاق ڈار بھی سرگرم رُکن تھے۔ بخیہ گری کی کوششوں میں شہبازشریف بھی متحرک رہتے تھے۔ میری کدوکاوش رضاکارانہ تھی جس کا سبب میں پہلے بیان کرچکا ہوں۔ 
’ڈان لیکس‘ برسوں سے جاری جنگ کا ایک نیا محاذ تھا۔ نوازشریف سے نجات اور عمران خان کی تخت نشینی اس جنگ کے بنیادی اہداف تھے جو اب ادارہ جاتی ترجیح بن چکے تھے۔ آئی۔ایس۔آئی کے سربراہان احمدشجاع پاشا ، ظہیرالاسلام، رضوان اخترلمبی دوڑ کے کھلاڑیوں کی طرح میدان سے باہر جاتے وقت اِن اہداف کی جھنڈی اپنے جانشین کو تھماتے رہے۔ راحیل شریف کو توسیع نہ ملنا اس قبیلے کے لئے اچھی خبر نہ تھی۔ جنرل اشفاق ندیم امیدوں کا نیا مرکز ٹھہرے۔ بات بنتی نظرنہ آئی تو ساری کوششیں اس پہ مرکوز ہوگئیں کہ ہر قیمت پر جنرل باجوہ کا راستہ روکا جائے۔ افواہ سازی اور افسانہ تراشی کی فیکٹری پوری پیداواری صلاحیت کے ساتھ متحرک ہوگئی۔ 
جنرل باجوہ اِس مہم سے باخبر تھے۔ مجھ سے دوبار اس کا تذکرہ کیااور یہاں تک بتایا کہ اُن کے بچوں کو بھی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ میں نے پوچھا __ ’’کون کر رہا ہے یہ سب کچھ؟‘‘ اُن کا سیدھا سادہ جواب تھا __ ’’وہی جو کسی بھی شخص کے فون نمبر تک رسائی رکھتے ہیں۔‘‘ عمران خان مشن کا تانا بانا محض دو افراد تک محدود نہ تھا۔ جنرل باجوہ کے آرمی چیف بن جانے کے بعد اِن عناصر کی حکمت عملی کا پہلا نکتہ یہ ٹھہرا کہ نوازباجوہ تعلقات کو بھی نوازراحیل ہی کی سطح پر رکھا جائے۔ لازم ٹھہرا کہ پانامہ کے الائو کے ساتھ ساتھ ڈان لیکس کے بھانبھڑ کو بھی ٹھنڈا نہ ہونے دیا جائے۔ 
جنرل باجوہ سے میری ملاقات اِس فتنہ سرشت قبیلے کے لئے اچھی خبر نہ تھی۔ اُسی شب مجھے جنرل باجوہ کے بیٹے سعدقمر کا ایک ٹیکسٹ موصول ہوا۔ میرے اور چیف کے درمیان یہ طے پایا تھا کہ ہمارا رابطہ کسی رسمی چینل کے بجائے، سعد کے ذریعے ہوا کرے گا۔ ایک ہونہار، معاملہ فہم اور مودب نوجوان کے طور پر سعد نہایت عمدہ رابطہ کار ثابت ہوا۔ سعد نے اپنے والد کی طرف سے مجھے دو ٹیکسٹ بھیجے۔ ایک توناشائستہ اور لغو تھا۔ دوسرے میں کہاگیا تھا کہ ’’جنرل باجوہ کی مسلسل نافرمانی اور رعونت کی وجہ سے وزیراعظم نوازشریف اُنہیں فارغ کرنے کا سوچ رہے ہیں تاکہ فوج کو سول حکمرانی کے تابع لایاجاسکے۔‘‘ یہ ٹیکسٹ جنرل باجوہ کو اس حاشیے کے ساتھ پہنچائے گئے کہ مذکورہ شخص مریم نواز کی ٹیم کا رُکن ہے۔ میں نے مریم سے بات کی تو اس کا تفصیلی ٹیکسٹ آیا۔ ’’انکل ! جو کچھ سوشل میڈیا پہ ہورہا ہے اُسے ہرگز میری حمایت حاصل نہیں۔ ایسے ٹیکسٹ مجھ سے منسوب نہ کئے جائیں جس طرح میں آئی۔ایس۔پی۔آر کے ڈھیروں اکائونٹس سے اپنے خلاف ہونے والی زہریلی مہم کو آرمی چیف یا ڈی۔جی۔آئی سے منسوب نہیں کرتی۔‘‘ مجھے اندازہ ہوا کہ ’’متروکہ املاک‘‘ کس قدر سرگرم عمل ہیں۔ میں نے قدرے تفصیلی خط لکھ کر سعد سے کہا کہ ’’کچھ لوگ وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان دوریاں پیدا کرنے کیلئے ایک مہم چلا رہے ہیں۔ انہیں سنجیدگی سے لینے کے بجائے نظرانداز کردینا چاہیے۔‘‘ شام کو سعد کا پیغام آیا __ ’’انکل! آپ کا بہت شکریہ۔ میں نے آپ کا خط ابو کو پڑھ کر سنایا ہے۔ وہ آپ سے سو فی صد متفق ہیں۔ جو کچھ ہوا ابو کو خود اُس کا بہت رنج ہے۔ اُن کا خیال ہے کہ اتنی بڑی غلط فہمی اور بدگمانی کے باوجود تعلقاتِ کار کو ٹھیک کیاجاسکتا ہے۔‘‘
لاہور سے واپسی کے اگلے دِن، 2 مئی 2017 کو وزیراعظم سے میری تفصیلی ملاقات ہوئی۔ میں نے جنرل باجوہ سے مکالمے کا احوال سنایا۔ وزیراعظم خاصے برہم تھے۔ کہنے لگے __ ’’مجھے اتنا دُکھ اُس دِن بھی نہیں ہوا تھا جس دِن مجھے ہتھکڑیاں لگا کر کسی کال کوٹھڑی میں ڈالا گیا تھا۔ اگر وزیراعظم کے اعلامیے کو اِس توہین کے ساتھ ردّ کردیا جائے تو کیا یہ کھُلی نافرمانی نہیں؟ آپ ہی بتائیں وزیراعظم کو کیا کرنا چاہیے۔‘‘ 
میرے پاس کوئی جواب نہ تھا۔ ’’کیا مجھے چپ چاپ عہدے سے چمٹے رہنا چاہیے؟ آپ جانتے ہیں میں نے کیسی کیسی باتوں پر صبر کیا۔ مجھ سے بڑھ کر کون چاہے گا کہ سول ملٹری تعلقات اچھے ہوں۔ ملک ترقی کرے۔ عوام خوشحال ہوں۔ آخر اس نوٹیفیکیشن میں تھا کیا کہ یہ آپے سے باہر ہوگئے؟ میں نے سب کچھ تو مان لیا۔ پرویز رشید جیسے مخلص ساتھی کو فارغ کردیا۔ اس کے باوجود ریجیکٹڈ (Rejected)کے کیا معنی ہیں؟‘‘ ماحول کی آتشناکی کے باوجود میں آرمی چیف سے ملاقات پر اصرار کرتا رہا۔ وزیراعظم کو میری شبنم افشانی گراں گذر رہی تھی۔
اُنہی دنوں مجھے ’’پرائیویٹ‘‘ نمبر سے فون آیا۔ کوئی کرنل صاحب بول رہے تھے۔ میرے نام کی تصدیق چاہی اور کہنے لگے __ ’’ڈی۔جی۔سی جنرل فیض حمید آپ سے ملنا چاہتے ہیں۔‘‘ میں نقاب پوش بارگاہوں کی جادو نگری سے بہت ڈرتا ہوں۔ آنکھ کے آپریشن کا بہانہ کرکے طرح دے گیا۔ دوبارہ فون آیا۔ ’’آپ کے گھر کے قریب انتظام کرلیتے ہیں۔‘‘ میں نے کہا __ ’’کچھ دِن ٹھہر جائیں۔‘‘ کچھ دِن نہیں، پورے دو سال تک وہ ٹھہرے رہے۔ 
جون 2019 میں جنرل فیض حمید نے آئی۔ایس۔آئی کی کمان سنبھالی۔ اگلے ماہ، نصف شب مجھے گھر سے اٹھایاگیا اور ہتھکڑی پہنا کر اڈیالہ جیل کی قصوری چکی میں ڈال دیاگیا۔ (جاری) 

مزیدخبریں