پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کی مدت میں 2ماہ کی توسیع، نوٹیفکیشن جاری

Apr 25, 2023

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کی مدت میں دو ماہ کی توسیع کردی گئی ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔۔ نجم سیٹھی بطور چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی مزید 2 ماہ کام جاری رکھ سکیں گے۔ وزارت بین الصوبائی رابطہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے مدت میں توسیع کی منظوری دی۔ اس حوالے سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق مینجمنٹ کمیٹی کی مدت میں 22 اپریل سے 21 جون تک توسیع کی ہے۔ مینجمنٹ کمیٹی کی مدت میں توسیع نامکمل امور کی تکمیل کیلئے دی گئی ہے۔ وزارت بین الصوبائی رابطہ نے آج کی تاریخ کے ساتھ نوٹیفکیشن جاری کیا۔ خیال رہے کہ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی 22 دسمبر 2022 کو تشکیل دی گئی تھی۔ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کو 2014 کے آئین کی بحالی کیلئے 120 دن دئیے گئے تھے۔ تاہم مینجمنٹ کمیٹی کو مدت مکمل ہونے پر اب 2 ماہ کی توسیع دے دی گئی ہے۔ ریجنز ڈسٹرکٹ اور زونز کی سطح پر انتخابی عمل کے مکمل ہونے کے بعد بورڈ آف گورنرز تشکیل دیا جائیگا۔ بورڈ آف گورنرز میں 4 ریجنل صدور اور 4 ڈیپارٹمنٹل صدور شامل ہوں گے۔ بی او جی میں پیٹرن ان چیف وزیر اعظم کی جانب سے چیئرمین کیلئے نامزد دو ممبران بھی شامل ہوں گے۔ بی او جی کی تشکیل نو کے بعد چیئرمین پی سی بی کا انتخاب کیا جائیگا۔

مزیدخبریں