کیویز نے آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں شاہینوں  کودبوچ لیا‘سیریز 2-2سے برابر

Apr 25, 2023


اسلام آباد+لاہور(سپورٹس رپورٹر)کیویز نے آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں شاہینوں کودبوچ لیا، مہمان ٹیم نیوزی لینڈ نے پاکستان کو6وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 2-2سے برابر کردی۔پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں سیریزکے پانچویں وآخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت پاکستان کوپہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان کی جانب سے بابراعظم اورمحمدرضوان نے اننگزکاآغاز پراعتماد انداز سے کیا تاہم 51کے مجموعی سکور پر کپتان بابراعظم 19رنز بنا کر بلیئر ٹکنر کی بال پر آﺅٹ ہوگئے، اگلی ہی گیند پر محمدحارث بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جس کے بعد صائم ایوب نے بلیئر ٹکنر کا ہیٹرک کاخواب پورا نہ ہونے دیاتاہم وہ بھی 52کے مجموعی سکور پر کھاتا کھولے بغیر ہی آﺅٹ ہوگئے۔ افتخار احمد نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں رضوان کااچھاساتھ دیا ، وہ 36رنز بناکرا ﺅٹ ہوئے ، جس کے بعد عمادوسیم آئے جنہوں نے 31رنز بنائے اور رن آﺅٹ ہوگئے۔ محمدرضوان کو اننگز کی آخری گیند پر اپنی سنچری مکمل کرنے کیلئے 2رنز درکارتھے لیکن بدقسمتی سے وہ سنچری مکمل نہ کرسکے اور98رنز پر ناقابل شکست رہے، پاکستان نے مقررہ 20اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر3 19سکورکیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے بلیئرٹکنر نے 3اور سودھی نے 1وکٹ حاصل کی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے کپتان ٹام لیتھم اور چیک بوز نے اننگزکاآغازکیاتاہم شاہین شاہ آفریدی کی پہلی ہی بال پرٹام لیتھم شاداب خان کے ہاتھوں بغیرکوئی سکورکیے کیچ آﺅٹ ہوگئے۔ ول ینگ بھی ایک چوکا لگانے کے بعد 4کے مجموعی سکور پر شاہین آفریدی کی بال پر محمدرضوان کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے ۔چیڈبوز نے 19رنز بنائے انہیں عمادوسیم نے بولڈکیا۔نیوزی لینڈ کی چوتھی وکٹ 73رنز پرگری ، مچل 15رنز بناکر عمادوسیم کی بال پرحارث رﺅف کے ہاتھوں کیچ آﺅٹ ہوگئے۔پانچویں وکٹ کی شراکت میں جمی نیشم اورچیپمین نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے پاکستانی بالروں کی خوب پٹائی کی،دونوں کی شراکت121رنزکی رہی،جمی نیشم نے ناقابل شکست45 رنز جبکہ چیپمین نے ناقابل شکست104 رنز سکورکیے اوراپنی ٹیم کو میچ میں فتح دلوا کر سیریز کی شکست سے بچالیا۔شاندارفاتحانہ اننگزکھیلنے پر نیوزی لینڈکے چیپمین کو پلیئر آف دی میچ قراردیاگیا۔دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کاآغاز 27اپریل سے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ہوگا۔

مزیدخبریں