لاہور (نامہ نگار)عیدالفطر کے موقع پر پاکستان اوربھارت کی سرحدی فورسز کے مابین خیرسگالی طور پرمٹھائی کا تبادلہ اورایک دوسرے کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔واہگہ اٹاری بارڈر پر پاکستان رینجرزپنجاب اوربارڈرسکیورٹی فورس(بی ایس ایف) انڈیا کے مقامی کمانڈروں کے مابین مٹھائی کا تبادلہ ہوا ،اسی طرح قصور میں گنڈا سنگھ والا بارڈر، ہیڈسلیمانیکی دیگرسرحدی علاقوں میں بھی دونوں ملکوں کی سرحدی فورسز نے ایک دوسرے کےساتھ مٹھائی اورخیرسگالی کا اظہار کیا۔پاکستان اوربھارت کے مابین گزشتہ کئی برسوں سے تعلقات کشیدہ ہیں تاہم دونوں ملکوں کی سرحدی فورسزایک دوسرے کے مذہبی اورقومی تہواروں کا مٹھائی اورتحائف کا تبادلہ کرتی ہیں۔ بیساکھی اوردیوالی کے موقع پربھی دونوں ملکوں کے مابین مٹھائی اورتحائف کا تبادلہ کیا گیا تھا۔عید کے دنوں میں واہگہ بارڈرپر پریڈ دیکھنے آنیوالے شہریوں کا کہنا تھا بھارت کےساتھ کشمیرکو لیکرہمارے تعلقات کشیدہ ہیں کیونکہ پاکستان کا کشمیر سے متعلق اصولی موقف ہے تاہم یہ اچھا اقدام ہے دونوں ملک ایک دوسرے کے مذہبی ،قومی تہواروں پرایک دوسرے کے لئے خیرسگالی کااظہار کرتے ہیں۔
عیدالفطر ‘ پاکستان ’بھارت سرحدی فورسز کے مابین مٹھائی کا تبادلہ
Apr 25, 2023