آرمی چیف چین پہنچ گئے ، دورہ فوجی تعاون بڑھانے کیلئے ہے ، آئی ایس پی آر 

Apr 25, 2023


اسلام آباد (خبر نگار خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر چین پہنچ گئے۔ آرمی چیف چار روزہ سرکاری دورے پر بیجنگ پہنچے۔ جنرل عاصم منیر کا چین کا دورہ دوطرفہ فوجی تعلقات بڑھانے کیلئے ہے۔ آرمی چیف دورے کے دوران اعلیٰ عسکری حکام سے ملاقاتیں کرینگے۔

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے باجوڑ خیبر پی کے میں پاک افغان بارڈر پر تعینات فوجی جوانوں کے ساتھ عید کا دن گزارا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں کے ساتھ عید کی نماز ادا کی اور ان کے بلند حوصلے کو سراہا۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج سرحدوں کے دفاع کے لیے پرعزم ہے اور افواجِ پاکستان ملکی سالمیت کو یقینی بنانے کے لیے کسی بھی خطرے کو ناکام بنانے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ آرمی چیف نے مزید کہا محافظینِ پاکستان دشوار راستوں، سخت موسمی حالات اور اپنے پیاروں سے دور ہونے کے باوجود، اپنے فرائض کو مقدم رکھتے ہیں کیونکہ سرحدوں کی حفاظت سے زیادہ مقدس کچھ نہیں ہے۔ آرمی چیف نے شہداءکو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا اور زور دیا کہ عید کے دن ہمیں مادر وطن کے دفاع اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو ہرگز فراموش نہیں کرنا چاہیے۔ آرمی چیف نے خصوصی طور پر ش±ہداءکے اہل خانہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں، آرمی چیف نے جوانوں اور آفیسرز کی آپریشنل تیاری اور مستعدی کو سراہا۔ قبل ازیں آمد پر کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

مزیدخبریں