لاہور‘گجرات (نوائے وقت رپورٹ+نامہ نگار) چودھری پرویزالٰہی‘ چودھری وجاہت حسین اور راسخ الٰہی سے مختلف سیاسی رہنماﺅں نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں سابق ضلع ناظم چودھری شفاعت حسین‘ چودھری محمد الٰہی‘ چودھری حسن الٰہی‘ شجاعت نواز اجنالہ‘ شیخ شہکاز اسلم‘ ذوالفقار گھمن‘ مہر کاشف اور دیگر رہنما شامل تھے۔ چودھری پرویزالٰہی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کی طرف سے مذاکرات کی مہلت ختم ہونے والی ہے۔ حکومت مذاکرات کرنے کے بجائے بدستور سپریم کورٹ کے خلاف منظم مہم چلا رہی ہے۔ حکومت مذاکرات کو تاخیری حربے کے طور پر استعمال کرنا چاہتی ہے‘ لیکن اس مرتبہ شہباز شریف سپریم کورٹ کو چکمہ دینے میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔ حکومت ایک تاریخ پرالیکشن میں سنجیدہ ہوتی تو قومی اسمبلی توڑنے کا اعلان کرتی۔ قومی اسمبلی توڑے بغیر مذاکرات کامیاب نہیں ہو سکیںگے۔ پنجاب میں (ن) لیگ کا ٹکٹ کوئی مفت میں لینے کو بھی تیار نہیں۔ الیکشن کا بائیکاٹ کر کے (ن) لیگ اپنا بھرم قائم رکھنا چاہتی ہے۔ (ن) لیگ کی طرف سے بائیکاٹ کی باتیں اعتراف شکست ہیں۔ انشاءاللہ پنجاب میں تحریک انصاف کی جیت اور اس کی حکومت اب نوشتہ دیوار ہے۔