منیلا (نوائے وقت رپورٹ) ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کی سال 2022ءکی رپورٹ جاری کردی گئی ہے۔ جس کے مطابق 2022ءمیں سب سے زیادہ فنڈنگ پاکستان کو دی گئی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک نے ایشیا میں31.8 ارب ڈالرکی پراجیکٹ فنانسنگ کی۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کی معیشت کو سب سے زیادہ سیلاب نے نقصان پہنچایا۔ سیلاب کی وجہ سے پاکستان میں فصلوں کی بڑی تباہی ہوئی۔ فصلیں تباہ ہونے کی وجہ سے پاکستان میں طلب اور رسد کا توازن خراب ہوا جس سے مقامی طور پر مہنگائی میں اضافہ ہوا۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کا کہنا ہے کہ اس نے اپنے پارٹنرز کے ساتھ پاکستان کو 5.5 ارب ڈالر کے پراجیکٹس دیے۔ سال 2022ءمیں پاکستان کو 2.6 ارب ڈالرکے رعایتی قرضے دیے گئے۔ رپورٹ کے مطابق روس اور یوکرائن کی جنگ عالمی سطح پر افراط زر کی وجہ ہے۔ پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصانات سے بچنے کے لیے ماہرین کی ضرورت ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق 2022ءمیں پاکستان میں سیلاب سے 1730 افراد ہلاک ہوئے۔ سیلاب نے پاکستان میں 3 کروڑ 30 لاکھ افراد کو متاثر کیا اور معیشت کو 30 ارب ڈالرکا نقصان پہنچایا۔ سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے 16 ارب ڈالر کے وعدے ہوئے جن میں سے پاکستان کو 1.5 ارب ڈالر فراہم کیے گئے۔
ایشیائی بنک