فیصل آباد: ٹکٹوں کی تقسیم ‘ پرانے کارکنوں کو نظرانداز کرنے پر عمران کا فیصلہ مسترد

Apr 25, 2023


فیصل آباد (ندیم جاوید) پنجاب انتخابات کیلئے پی ٹی آئی ٹکٹوں میں پرانے کارکنوں کو نظرانداز کرنے اور پیراشوٹرز کو نوازنے کے الزامات عائد کرتے ہوئے فیصل آباد پی ٹی آئی رہنماو¿ں نے عمران خان کے فیصلے کو مسترد کردیا ہے اور اس کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔ فیصل آباد کے صوبائی حلقوں میں پی ٹی آئی کی ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر ایک شور بپا ہے۔ پی ٹی آئی کے رہنما اور کارکن غلط فیصلوں پر پارٹی قیادت اور عمران خان پر کھل کر تنقید کررہے ہیں۔ سب سے زیادہ تنقید کا نشانہ سابق وزیر مملکت فرخ حبیب کو بنایا جا رہا ہے، انہیں پیرا شوٹرز کو نوازنے کا ذمہ دار قرار دیا جا رہا ہے۔ پی ٹی آئی ویسٹ پنجاب کے صدر فیض اللہ کموکا بھی تنقید کی زد میں ہیں جبکہ سٹی صدر و سابق صوبائی وزیر لطیف نذر پر بھی تنقید کی جا رہی ہے۔ پی ٹی آئی کارکنوں کا کہنا ہے کہ فیصل آباد میں ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر پرانے کارکنوں اور سابق ارکان اسمبلی کو نظر انداز کئے جانا پارٹی کو نقصان پہنچانے کا باعث بنے گا۔ بعض کارکنوں کہنا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ فرخ حبیب اور بعض دیگر نے راناثناءاللہ کے ساتھ کوئی ڈیل کرکے اس کے فیورٹ حلقوں میں کمزور امیدوار دئیے ہیں تاکہ رانا ثناءاللہ کی پسند کے امیدوار جیت جائیں۔ سیاسی حلقے فیصل آباد کے حلقے پی پی 117میں خیال کاسترو ، پی پی 116 میں علی سرفراز، پی پی 115 میں اسماعیل سیلا اور پی پی 114 میں شیخ شوکت کو انتہائی کمزور امیدوار قراردے رہے ہیں۔ پی پی 112 میں بلال اشرف بسرا ، پی پی 110 میں اسد معظم، پی پی 109 میں حسن نیازی، پی پی 108 میں حافظ عطاء، پی پی 106 میں ملک عمر اور پی پی 105 میں رائے احسن کو انتہائی کمزور امیدوار سمجھا جا رہا ہے اور ان حلقوں میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے امیدواروں اور آزاد امیدواروں کو سبقت ملنے کے چانسز ہیں۔ پی ٹی آئی کارکنوں کا کہنا ہے کہ ان حلقوں میں مضبوط امیدوار بھی میسر تھے مگر پارٹی کی نام نہاد مقامی لیڈرشپ نے غلط فیصلے کروائے۔ پی ٹی آئی کارکن اس معاملے میں عمران خان پر بھی تنقید کررہے ہیں اور ان کے فیصلے کو قبول کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ ذرائع کے مطابق فیصل آباد کے ہر حلقے میں پارٹی ٹکٹ کیلئے نظر انداز کئے جانیوالے افراد کے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کے امکانات ہیں جبکہ تین درجن سے زائد امیدواروں نے ٹکٹ پر نظرثانی کی درخواست بھی دے دی ہے۔ 
فیصل آباد، پی ٹی آئی ٹکٹ

مزیدخبریں