لاہور(خصوصی نامہ نگار)مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میرنے کہا ہے کہ عید الفطر کی خوشیاں سیاسی تناﺅ کی نذر نہیں ہونی چاہیے۔ملک میں قومی یکجہتی اور اتحاد کی ضرورت ہے۔وطن عزیز کا استحکام مقدم رہنا چاہیے۔ اس امر کا اظہار انہوں نے عیدگاہ پارک شہاب پورہ میں عید کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پروفیسر ساجدمیر نے کہا کہ ہمیں عہد کرنا ہوگاکہ ہم مل کر اپنے وطن کی بقا اور سلامتی کے لیے ہر قسم کی قربانی دیں گے۔پاکستان کو سیاسی ومعاشی استحکام کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے معیشت جھٹکے کھا رہی ہے اگر سیاسی استحکام ہو تو معیشت کو سنبھالا دیا جاسکتا ہے ،مہنگائی کا دور دورہ ہے، روز مرہ کی ضروریات زندگی کا حصول مشکل ہو کر رہ گیاہے تنخواہ دار طبقے کے لیے دو وقت کی روٹی مشکل ہو گئی ہے،لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ریاست کے ستون مل بیٹھیں اور اپنے اپنے تحفظات کو پس پشت ڈال کر میثاق جمہوریت اور معیشت طے کریں تاکہ وطن عزیز کے عوام سکھ کا سانس لیں۔ قومی وصوبائی انتخابات بھی ایک دن ہونے چاہیے۔سپریم کورٹ بھی قومی مفاد مقدم رکھے۔فلسطین اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ عید کے موقع پر یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں ان کی تحریک آزادی کے لیے ہر کوشش اور جدوجہد کاساتھ دیں گے۔