ہمارے لیے تمام سیاستدان اور جماعتیں قابلِ احترام ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ ہمارے لیے تمام سیاستدان اور جماعتیں قابلِ احترام ہیں۔ راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فوج قومی فوج ہے، ہم کسی خاص سیاسی جماعت یا نظریے کی طرف راغب نہیں۔ کوئی نہیں چاہے گا فوج کسی خاص سوچ کی نمائندگی کرے۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ افواج پاکستان کا حکومت سے غیر سیاسی اور آئینی رشتہ ہوتا ہے، اس تعلق کو سیاسی رنگ دینا غلط ہے۔انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان ہر شہری کو آزادی رائے کا حق دیتا ہے، یہی آئین آزادی رائے کے حق کو قانون کا پابند بھی بناتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان کے خلاف جو بات کی جارہی ہے وہ غیر آئینی ہے، عوام بھی یہ نہیں چاہے گی کہ فوج لاحاصل بحث میں پڑ جائے، تعمیری تنقید کو اہمیت دیتے ہیں۔ پریس کانفرنس کے ابتدا میں ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ اس پریس کانفرنس کا مقصد فوج کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں کا احاطہ کرنا اور دہشت گردی کے خلاف فوج کے اقدامات کا احاطہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کا پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا جاری ہے، پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین سے تعاون کیا، پاکستان کی جانب سے کئی بار اقوام متحدہ مبصرین کو لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر لے جایا گیا۔

ای پیپر دی نیشن