اسلام آباد (نیٹ نیوز) وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ جب افغان طالبان نے کابل فتح کیا تو میں نے ٹویٹ کیا تھا، میں نے کہا تھا طاقتیں تمہاری ہیں اور خدا ہمارا ہے، میں آج بھی اپنی اس ٹویٹ پر قائم ہوں۔ ایران کے صدر کا یہ ایک کامیاب دورہ تھا، ہمارے خطے میں بے امنی ہے، بڑی طاقتوں کی مداخلت بڑھ گئی ہے، ہمیں اپنے مفادات کے تحفظ کیلئے ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر ضرور جمع ہونا چاہیے، اس صورتحال میں ایران کے صدر کا دورہ پاکستان بہت بڑی پیش رفت تھی۔ دہشتگردی ہمارا مشترکہ مسئلہ ہے اسے کنٹرول کرنے کی ضرورت ہے، دونوں برادر ممالک ملکر دہشتگردی کا مقابلہ کریں گے، ایرانی صدر کے دورے سے اگر کسی کو بھی درد تکلیف ہو تو اس کی کوئی اہمیت نہیں، پاکستانی عوام کے درد اور تکلیف کا مداوا ہونا چاہیے۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ یہ حکومت ایک سال کے اندر پاکستان میں نمایاں تبدیلی لیکر آئے گی، پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کیلئے راستے نکل آئیں گے، پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ تکمیل کے مراحل عبور کر لے گا۔ جب افغان طالبان نے کابل فتح کیا تو میں نے ٹویٹ کیا تھا، میں نے کہا تھا طاقتیں تمھاری ہیں اور خدا ہمارا ہے، میں آج بھی اپنی اس ٹویٹ پر قائم ہوں۔ جن لوگوں کے پیچھے دولت مند ممالک نہیں انہوں نے سپر پاور کو شکست دی، وہ ایک مظلوم کی فتح تھی جس کی میں نے تعریف کی، طالبان کی کابل میں فتح کی آج بھی تعریف بنتی ہے۔ افغانستان کی بالواسطہ یا بلا واسطہ سرپرستی سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) والے یہاں حملے کر رہے ہیں، کالعدم ٹی ٹی پی پاکستان میں بے امنی اور دہشتگردی پھیلا رہی ہے۔ فلسطین کی حمایت کرنا پاکستان کا فرض ہے۔