اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) چیئرمین سینٹ سید یوسف رضا گیلانی سے پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی۔ دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور باہمی مفادات کو فروغ دینے کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ پائیدار دوستی کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی سفیر نے سید یوسف رضا گیلانی کو چیئرمین سینٹ منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ امریکہ کے ساتھ دیرینہ دوستانہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین سینٹ نے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ چیئرمین سینٹ نے کہا کہ امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ مختلف شعبوں میں پاکستانی حکومت سے تعاون پر امریکی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے مابین تجارتی روابط اور تجارتی حجم کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈونلڈ بلوم نے پاکستان کی نئی اقتصادی ٹیم کو سراہتے ہوئے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان جاری تعاون کے مزید فروغ کی امید کا اظہار کیا۔ پاکستان کی اقتصادی ٹیم کی کوششوں کی تعریف کی اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان مزید اقتصادی تعاون کے امکانات پر روشنی ڈالی۔ پاکستان کے مثبت معاشی اشاریوں کی روشنی میں، بلوم نے افراط زر میں کمی کے رجحان اور ڈالر کے ذخائر میں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستانی معیشت پر اعتماد سے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔
یوسف رضا سے امریکی سفیر کی ملاقات، تعلقات مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال
Apr 25, 2024