اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمشن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نئے انٹرا پارٹی انتخابات پر اعتراضات عائد کر دئیے۔ الیکشن کمشن نے تحریک انصاف کو 30 اپریل کے لیے نوٹس جاری کر دیا۔ الیکشن کمشن کے پولیٹیکل فنانس ونگ نے پی ٹی آئی کو 30 اپریل کو پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔ پی ٹی آئی نے 4 مارچ کو الیکشن کمشن میں انٹرا پارٹی انتخابات کی تفصیلات جمع کرائی تھیں۔ الیکشن کمشن کی جانب سے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم قرار دے کر پارٹی کا انتخابی نشان واپس لے لیا تھا۔ پی ٹی آئی کی جانب سے 3 مارچ کو دوبارہ انٹرا پارٹی انتخابات کروانے کا اعلان کیا گیا تھا جس میں پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر گوہر علی خان بلا مقابلہ چیئرمین پی ٹی آئی اور عمر ایوب خان بلامقابلہ سیکرٹری جنرل منتخب ہوئے تھے۔