اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور چین کے درمیان طویل المدتی تزویراتی تعلقات کو تجارت، معیشت، زراعت، عوام سے عوام کے رابطوں اور ثقافت کے شعبوں میں مزید مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تمام سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے پرعزم ہے۔ ایوان صدرکے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے چائنہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی کے چیئرمین لوئو چائو ہوئی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے اپنے وفد کے ہمراہ بدھ کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید بہتر بنانے کیلئے مل کر کام جاری رکھنے کی ضرورت ہے، پاکستان سی پیک کو تزویراتی اہمیت کا حامل منصوبہ سمجھتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ گوادر بندرگاہ سے علاقائی روابط کو فروغ ملے گا اور چین تک سامان کی نقل و حمل سستی ہوگی۔ اس موقع پر صدر مملکت نے انسانی وسائل کو چین کی ضروریات کے مطابق ہنر سے آراستہ کرنے کیلئے مشترکہ تربیتی منصوبے شروع کرنے کی تجویز دی۔ صدر مملکت نے بشام میں چینی شہریوں پر دہشت گردانہ حملے پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان چینی شہریوں اور سرمایہ کاروں کو پاکستان میں محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گا۔ صدرمملکت نے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ چیئرمین چائنہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ کوآپریشن ایجنسی نے صدر مملکت کو پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں ایجنسی کے کردار کے بارے آگاہ کیا۔صدر زرداری سے آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ آسٹریلوی کمپنیاں پاکستانی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کریں۔